
نئی دہلی، 21 جولائی(ہ س)۔ مرکزی حکومت نے دہلی میونسپل کارپوریشن(ایم سی ڈی) کے زونز کے نام تبدیل کرتے ہوئے انہیں دہلی کے نئے ریونیو اضلاع کے ناموں کے مطابق کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ’دہلی میونسپل کارپوریشن ایکٹ، 1957‘ میں ترمیم کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ اس فیصلے سے میونسپل کارپوریشن اور محکمہ ریونیو کے درمیان بہتر تال میل قائم ہوگا، انتظامی نظام مزید واضح اور آسان بنے گا، اور عوام کو سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے ایم سی ڈی ایکٹ، 1957 کی چودھویں شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے دہلی میونسپل کارپوریشن کے وارڈز اور ان سے متعلقہ زونز کی نئی تفصیل باضابطہ طور پر نوٹیفائی کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے کی گئی یہ ترمیم دہلی کے ریونیو انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی حکومت کے محکمہ ریونیو نے 25 دسمبر 2025 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے قومی راجدھانی خطہ دہلی میں 39 سب ڈویژن(تحصیلیں) اور 13 ریونیو اضلاع تشکیل دیے تھے۔ ان اضلاع کو دہلی میونسپل کارپوریشن کے 12 زونز، نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) اور دہلی چھاؤنی کے انتظامی ڈھانچے کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔
انتظامی کارکردگی اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اب ایم سی ڈی کے موجودہ زونز کے ناموں کو نئے ریونیو اضلاع کے ناموں کے ساتھ باضابطہ طور پر یکساں کر دیا گیا ہے۔ ترمیم شدہ چودھویں شیڈول میں دہلی میونسپل کارپوریشن کے تمام 250 وارڈز کے نام اور ان کے متعلقہ زونز کی مکمل تفصیل شامل کی گئی ہے۔
نئی فہرست کے مطابق ایم سی ڈی کے 12 زونز کے نام یہ ہوں گے:’باہری شمال، شمال، شمال مغرب، وسطی شمال، پرانی دہلی، وسطی، مغرب، جنوب مغرب، جنوب مشرق، جنوب، مشرق اور شمال مشرق۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس انتظامی ہم آہنگی سے دہلی کے مختلف سرکاری محکموں کے درمیان بہتر رابطہ قائم ہوگا۔ ریونیو اور میونسپل انتظامیہ کے علاقائی ناموں میں یکسانیت سے سرکاری اسکیموں پر مؤثر عمل درآمد، بین المحکماتی تعاون اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کا عمل مزید شفاف، آسان اور مؤثر بن سکے گا۔ نوٹیفکیشن میں ایم سی ڈی کے تمام 250 وارڈز کو ان کے متعلقہ زونز کے ساتھ تفصیل سے درج کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan