
بی ایس ایف نے جموں میں پاکستانی شہری کو گرفتار کیا
جموں، 21 جولائی (ہ س)۔ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں کے پرگوال سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے راستے ہندوستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب 134 بٹالین کی سرحدی چوکی مالابیلا پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے پاکستان کی جانب سے ایک شخص کو ہندوستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔ اہلکاروں نے اسے رکنے کی وارننگ دی، تاہم وہ مبینہ طور پر آگے بڑھتا رہا، جس کے بعد بی ایس ایف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
گرفتار شخص کی شناخت 53 سالہ محمد رفیق عرف کالا ولد محمد شفیق ساکن گاؤں پنڈی، پاکستان کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اس نے دعویٰ کیا کہ وہ پاکستان کے گاؤں لونی سے روانہ ہوا تھا اور اپنی شادی شدہ بہن سے ملنے گاؤں جنگ جا رہا تھا۔ حکام اس کے دعوے کی تصدیق کر رہے ہیں۔
اس کے قبضے سے پاکستانی قومی شناختی کارڈ، چشمہ، سگریٹ، لائٹر، تمباکو، کیک، آم کے بسکٹ، چاکلیٹ، ناخن کاٹنے والا آلہ اور بٹوا برآمد کیا گیا ہے۔
پاکستانی شہری فی الحال بی ایس ایف کی تحویل میں ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور سیکورٹی ایجنسیاں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر