
مشرقی سنگھ بھوم، 21 جولائی (ہ س)۔ ساکچی میں واقع جامع مسجد احاطے میں منگل کوجمشید پور گو ماتا سمان دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلمانوںکی بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ اس پروگرام کا مقصد گائے کے تحفظ، گائے کی خدمت اور گائے کے احترام کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور برادریوں کے درمیان سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے ۔
اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مہم کی رکن من من چکرورتی نے کہا کہ یہ مہم گائے کے احترام اور تحفظ کے جذبے کو پھیلانے کے لیے شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گو ماتا کی خدمت اور تحفظ کے لیے اس عوامی تحریک میں شامل ہو کر اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔
تقریب کے دوران حاضرین کو گائے کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور ایک فارم پر دستخط کر کے اس مہم کی حمایت کرنے پر زور دیا۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس اقدام کے لیے اپنی رضامندی اور حمایت ظاہر کرنے کے لیے دستخط کیے۔
منتظمین نے بتایا کہ 27 اپریل 2026 کو گوماتا کے احترام کے دن کے موقع پر ضلع انتظامیہ کے ذریعے صدر، وزیر اعظم، گورنر اور وزیر اعلیٰ کو ایک میمورنڈم بھیجا جائے گا۔ اس میمورنڈم میں گائے کے تحفظ اور احترام کے حوالے سے عوامی جذبات اور تجاویز شامل ہوں گی۔
منتظمین کے مطابق اس مہم کا مقصد معاشرے میں ہمدردی، خدمت، سماجی ہم آہنگی اور گائے کے تحفظ کے تئیں عوامی بیداری کو فروغ دینا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد