
نئی دہلی، 21 جولائی (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو بنگلورو میں ممنوعہ دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کے لئے بھرتی اور فنڈنگ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ کے سلسلے میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی ایک انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ (ای سی آئی آر) کے تحت کی گئی ہے جو کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے دائر کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر درج کی گئی ہے۔
ای ڈی کے بنگلورو علاقائی دفتر کے مطابق، یہ مقدمہ بنگلورو میں واقع اقرا ویلفیئر ٹرسٹ، گائیڈنس فار مینکائنڈاور ان سے وابستہ دیگر افراد سے متعلق ہے۔ این آئی اے نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعہ 17 (دہشت گردی کے لیے فنڈ اکٹھا کرنا)، 18 (دہشت گردانہ کارروائیوں کی تیاری) اور 18-بی (دہشت گرد تنظیم کے لیے بھرتی) کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔
تفتیش میں اب تک چار ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ این آئی اے نے عرفان ناصر، احمد عبدالقادر، محمد توقیر محمود، ذہاب حامد شکیل منا اور محمد شہاب کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
چارج شیٹ کے مطابق تمام ملزمان کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس/آئی ایس آئی ایل/داعش سے تھا۔ انہوں نے بنگلورو میں مسلم نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے اور انہیں آئی ایس آئی ایس میں بھرتی کرنے کی سازش کی۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ نوجوانوں کی شناخت شخصیت کی تعمیر کے لیے ورکشاپس کے ذریعے کی گئی جسے اقرا کیمپس اور اس سے منسلک ہفتہ وار قرآن سرکلز کہا جاتا ہے۔
ملزمان نے مختلف چینلز کے ذریعے فنڈز اکٹھے اور منتقل کیے اور نوجوانوں کے ترکی کے راستے شام جانے کے لیے داعش میں شمولیت اور شامی حکومت کے خلاف لڑنے کا انتظام بھی کیا۔ چارج شیٹ میں اسے ہندوستانی حکومت کے اتحادی شام کے خلاف جنگی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
این آئی اے کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس گروپ نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور اینٹی نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) احتجاج سے متعلق جذباتی مسائل کا استعمال کرکے مسلم کمیونٹی کو بھڑکانے کی کوشش کی اور محفوظ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ آئی ایس آئی ایس کے نظریے کو پھیلایا۔
ای ڈی کے مطابق، ملزمان نے نوجوانوں کو بھرتی کرنے اور ان کے بیرون ملک سفر کے لیے مالی مدد فراہم کرنے کے لیے افراد، ٹرسٹ اور اپنی بچت سے فنڈز جمع کیے تھے۔ تلاشی کے دوران برآمد ہونے والے دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کی جا رہی ہے۔ معاملہ میں مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی