
نئی دہلی، 21 جولائی (ہ س)۔ دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے منگل کو پارلیمنٹ کے سیکیورٹی حصار کو توڑنے کے معاملے کے ملزم ساگر شرما کو اپنے والد کی موت کے بعد آخری رسومات میں شرکت کے لیے 30 دن کی عبوری ضمانت دے دی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج امیت بنسل نے 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دینے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران ساگر شرما کی جانب سے پیش وکیل سومارجن وی ایم نے کہا کہ درخواست گزار 14 دسمبر 2023 سے حراست میں ہے۔ وہ اپنے خاندان کا واحد کمانے والا فرد ہے۔ اس کے والد روشن لال شرما کا انتقال 14 جولائی کو ہو گیا تھا اور ان کی تیرہویں کی رسم 22 جولائی کو ہونی ہے۔ خاندان میں اب اس کی والدہ اور بہن ہیں۔ والد کی تیرہویں کی رسم ادا کرنے کے لیے وہی واحد مرد رکن ہے۔
سماعت کے دوران دہلی پولیس کی جانب سے پیش وکیل اکھنڈ پرتاپ سنگھ نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر ساگر شرما کو ضمانت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساگر شرما کے والد کی موت کی تصدیق کر لی گئی ہے۔
اس معاملے میں ساگر شرما سمیت چار ملزمان عدالتی حراست میں ہیں۔ دہلی ہائی کورٹ نے اس کیس میں 2 جولائی 2025 کو دو ملزمان نیلم آزاد اور مہیش کماوت کو ضمانت دی تھی۔
دہلی پولیس نے اس معاملے میں 15 جولائی 2024 کو ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ دہلی پولیس نے ملزمان کے خلاف 186، 353، 153، 452، 201، 34، 120 بی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعات 13، 16 اور 18 کے تحت چارج شیٹ داخل کی تھی۔ دہلی پولیس نے 7 جون 2024 کو پہلی چارج شیٹ دائر کی تھی۔ یو اے پی اے کی دفعات کے تحت جن ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی، ان میں منورنجن ڈی، للت جھا، امول شندے، مہیش کماوت، ساگر شرما اور نیلم آزاد شامل ہیں۔ دہلی پولیس کی جانب سے داخل کی گئی پہلی چارج شیٹ تقریباً ایک ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔
یہ واقعہ 13 دسمبر 2023 کا ہے، جب پارلیمنٹ کی وزیٹر گیلری سے دو ملزمان چیمبر میں کود گئے تھے۔ کچھ ہی دیر بعد ایک ملزم نے ڈیسک کے اوپر چلتے ہوئے اپنے جوتوں سے کوئی چیز نکالی اور اچانک پیلے رنگ کا دھواں نکلنے لگا۔ اس واقعے کے بعد ایوان میں افراتفری مچ گئی۔ ہنگامے اور دھوئیں کے درمیان کچھ ارکان پارلیمنٹ نے ان نوجوانوں کو پکڑ لیا اور ان کی پٹائی بھی کی۔ کچھ دیر بعد پارلیمنٹ کے سیکیورٹی اہلکاروں نے دونوں نوجوانوں کو قابو میں لے لیا۔ پارلیمنٹ کے باہر بھی دو افراد کو پکڑا گیا تھا جو نعرے بازی کر رہے تھے اور پیلے رنگ کا دھواں چھوڑ رہے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد