
نوئیڈا، 21 جولائی (ہ س)۔ اترپردیش کے نوئیڈا کے بادل پور تھانہ علاقے کے چھپرولا کے قریب آج صبح تقریباً 6 بجے لوہے کی چھڑوں سے لدا ٹرالہ بے قابو ہو کر بجلی کے ٹرانسفارمر سے ٹکرا کر نالے میں جا گرا۔ اس واقعہ میں ٹرالہ میں لدی لوہے کی سلاخیں ٹرالہ کے کیبن کو چھید کر ٹرک ڈرائیور کے جسم میں جا گھسیں،جس سے ڈرائیور کی موت ہو گئی۔ تھانہ بادل پور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تقریباً 2 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد ڈرائیور کی لاش کو باہر نکالا۔ اس واقعہ کی وجہ سے چھپرولا کے قریب کافی دیر تک ٹریفک میں خلل رہا۔
بادل پور پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاوس آفیسر وجے کمار گپتا نے بتایا کہ منگل کی صبح تقریباً 6 بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ لوہے کی سلاخوں سے لدا ایک ٹرالہ غازی آباد سے دادری کی طرف جارہاتھا۔ ڈرائیور بظاہر سو رہا تھا کہ ٹرالہ سڑک کے کنارے لگے بجلی کے ٹرانسفارمر سے ٹکرا گیا اور نالے میں گر گیااور ٹرالہ میں لدی لوہے کی سلاخیں کیبن کو چھید کر ڈرائیور کے جسم میں گھس گئیں۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ہائیڈرا اور دیگر آلات کا استعمال کرتے ہوئے ٹرک سے لوہے کی سلاخیں نکالیں،لیکن ڈرائیورکی تب تک موت ہوچکی تھی۔ ڈرائیور کی شناخت بلند شہر ضلع کا رہنے والا 28 سالہ عامر ولد مقصود خان کے طور پر ہوئی ہے ۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ واقعے کے باعث جی ٹی روڈ پر طویل ٹریفک جام ہوگیاتھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی