
نئی دہلی، 21 جولائی (ہ س): عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کے دوران گرفتار اور زخمی ہونے والے طلبہ کی مدد کے لئے منگل کو ایک ہیلپ لائن نمبر شروع کیا۔
آج پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے احتجاج کے دوران طلباء کے خلاف پولیس کارروائی کی سخت تنقید کی اور مرکزی حکومت پر سنگین الزامات لگائے۔
کیجریوال نے کہا کہ پولیس نے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلباء کے ساتھ بہت برا سلوک کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ طلباء پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور ان میں سے کئی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت سے والدین اپنے بچوں کے بارے میں معلومات کی کمی کی وجہ سے پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلباء یا ان کے اہل خانہ جن کو قانونی یا طبی امداد کی ضرورت ہے وہ ہیلپ لائن نمبر 33548-888-85 پر پیغام بھیج سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی ضرورت مند طلباء کو قانونی امداد فراہم کرے گی اور ضرورت پڑنے پر سینئر وکلاء کی خدمات کا بندوبست کرے گی۔ زخمی طلبہ کے لیے طبی امداد کا بھی انتظام کیا جائے گا۔
کیجریوال نے مرکزی حکومت پر طلباء کو دھمکانے کا الزام لگایا اور کہا کہ پیپر لیک کو روکنے کے اقدامات کا مطالبہ کرنے والے طلباء کے خلاف کارروائی کرنا بلا جواز ہے۔
کیجریوال نے بتایا کہ پریس کانفرنس کے بعد وہ رام منوہر لوہیا اسپتال جائیں گے تاکہ زخمی طلباء سے ملاقات کریں۔ اسکے علاوہ وہ احتجاج کے سلسلے میں درج ایف آئی آر اور حراست میں لیے گئے طلبہ کی فہرست کے انکشاف کا مطالبہ کرنے کے لیے متعلقہ تھانے کا دورہ کریں گے، تاکہ اہل خانہ اپنے بچوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ طلباء کا واحد مطالبہ پیپر لیک کو روکنا ہے اور ان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد