
نئی دہلی، 19 جولائی (ہ س): وسطی دہلی میں ڈی بی جی روڈ پولیس نے تقریباً 20 سے 22 لاکھ روپے کے قیمتی پتھروں کی چوری کے معاملے کو حل کرنے
کا دعویٰ کیا ہے اور ایک ای رکشہ ڈرائیور سمیت دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے تقریباً 90 فیصد چوری شدہ پتھر برآمد کر لیے ہیں۔ جرم میں استعمال ہونے والا ای رکشہ بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ پولیس اب باقی ماندہ پتھروں کی برآمدگی اور دیگر کیسوں میں ان افراد کے ملوث ہونے کی جانچ کر رہی ہے۔
روہت راجبیر سنگھ، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (وسطی ضلع) نے اتوار کو بتایا کہ جے پور کے ایک جواہرات کے تاجر نے 15 جولائی کو ڈی بی جی روڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ جب گاڑی رانی جھانسی روڈ پر ایک پٹرول پمپ کے قریب تھی تو کسی نے اس کا ہینڈ بیگ چرا لیا۔ بیگ میں تقریباً 20 سے 22 لاکھ روپے کے قیمتی پتھر تھے، جو نو الگ الگ پاؤچوں میں محفوظ تھے۔
معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے پولیس نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے قرول باغ اور کرائم سین کے درمیان والے راستے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی۔ اسکے علاوہ مشتبہ افراد کی شناخت تکنیکی نگرانی، مقامی پوچھ گچھ اور مخبروں کی فراہم کردہ معلومات کے ذریعے کی گئی۔ تفتیش کے بعد، وکی سولنکی (19) اور اس کی ساتھی انیتا عرف انو (26) کو 17 جولائی کو دھولا کوان بس اسٹاپ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ دونوں رگھوبیر نگر کے رہنے والے ہیں۔ پولیس کے مطابق ای رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے تاجر کا بیگ چوری کرنے کی سازش کی تھی اور بعد ازاں اس میں موجود قیمتی پتھروں کو چھپا دیا تھا۔
دوران تفتیش دونوں نے چوری میں اپنے کردار کا اعتراف کیا۔ ان کی فراہم کردہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے چوری شدہ پتھروں میں سے اکثر کو برآمد کر لیا۔ برآمد ہونے والی اشیاء میں 760 کیرٹ گلابی پتھر، 580 کیرٹ چیری رنگ کے پتھر، 68 کیرٹ بڑے چیری رنگ کے پتھر، 189 کیرٹ مربع چیری رنگ کے پتھر، 32 کیرٹ چھوٹے نیلے رنگ کے پتھر، 45 کیرٹ ہلکے گلابی پتھر اور ایک ہلکا گلابی پتھر شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً 90 فیصد مسروقہ جواہرات برآمد کر لیے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان کو تفتیش کے لیے پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ تفتیشی ایجنسیاں اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہیں کہ آیا دونوں نے ماضی میں بھی ایسے ہی جرائم کیے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد