
نئی دہلی،18جولائی(ہ س)۔
ورکنگ جرنلسٹ کلب کی اہم میٹنگ ہفتہ کے روز آئی ٹی او واقع جمعیۃ علمائ ہند کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں اتفاقِ رائے سے کلب کی نئی مجلسِ عاملہ (باڈی) کا انتخاب عمل میں آیا۔ اجلاس میں کلب کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید موثر اور فعال بنانے کے ساتھ صحافیوں کے مفادات اور فلاح و بہبود کے لیے مختلف امور پر بھی تبادلہ? خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سینئر صحافی محمد راحم رفیع کو متفقہ طور پر ورکنگ جرنلسٹ کلب کا صدر منتخب کیا گیا، جبکہ سینئر صحافی محمد احمد جنرل سکریٹری اور نوجوان صحافی غفران آفریدی خزانچی منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ امیر احمد راجہ اور محمد اویس کو نائب صدر، جبکہ محمد اکرام، سید عینین علی حق اور احمد نعمان کو ایگزیکٹیو ممبر منتخب کیا گیا۔بتادیں کہ سابق صدر فرزان قریشی اور ان کی ٹیم کو پچھلی میٹنگ میں کلب کے اراکین نے بلا اتفاق صدر منتخب کرلیا تھا لیکن انہوں نے آگے یہ ذمہ داری لینے سے انکار کردیا جس کے بعد آج کلب کی میٹنگ میں نئی باڈی کا انتخاب عمل میں آیا۔نو منتخب صدر محمد راحم رفیع نے اپنے خطاب میں کہا کہ ورکنگ جرنلسٹ کلب کے قیام کا بنیادی مقصد صحافیوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ان کے پیشہ ورانہ و فلاحی مسائل کے حل کے لیے موثر کوششیں کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام عہدیداران اور اراکین کو ساتھ لے کر کلب کو مزید فعال، منظم اور متحرک بنانے کے لیے کام کریں گے، تاکہ صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔اجلاس کی نظامت نو منتخب جنرل سکریٹری محمد احمد نے انجام دی۔ میٹنگ کے اختتام پر شرکا نے جمعیۃ علمائ ہند، بالخصوص اس کے صدر مولانا محمود مدنی کی صحافتی و سماجی سرگرمیوں کی سرپرستی اور تعاون پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ساتھ ہی اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ورکنگ جرنلسٹ کلب آئندہ بھی صحافیوں کے اتحاد، پیشہ ورانہ ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کرتا رہے گا۔میٹنگ میں امیر امروہوی،محمد ثاقب، محمد گلزار، مبارک قاسمی و دیگر اراکین نے شرکت کی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais