اے ایم یو کی فیکلٹی رکن نے این سی ڈبلیو کے پوش بیداری پروگرام میں یونیورسٹی کی نمائندگی کی
علی گڑھ, 18 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ادارہ جاتی شکایات کمیٹی (آئی سی سی) کی پریزائیڈنگ آفیسر پروفیسر ثمینہ خان نے وگیان بھون، نئی دہلی میں قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) کی جانب سے کام کی جگہوں پر خواتین کی جن
پروفیسر ثمینہ خان


علی گڑھ, 18 جولائی (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ادارہ جاتی شکایات کمیٹی (آئی سی سی) کی پریزائیڈنگ آفیسر پروفیسر ثمینہ خان نے وگیان بھون، نئی دہلی میں قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) کی جانب سے کام کی جگہوں پر خواتین کی جنسی ہراسانی سے متعلق قانون پوش ایکٹ پر منعقدہ بیداری و تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔ اس میں دہلی-این سی آر خطے کے سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور نجی تنظیموں سے تقریباً 1200 شرکاء نے حصہ لیا۔ پروگرام کا مقصد پوش ایکٹ کے مؤثر نفاذ کے لیے بیداری، تعمیل اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا تھا۔

افتتاحی اجلاس سے مرکزی وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود محترمہ اناپورنا دیوی نے خطاب کیا۔ قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن محترمہ وجیاراہتکر نے بھی اظہار خیال کیا۔

تربیتی پروگرام میں ماہرین نے پوش ایکٹ کے قانونی ڈھانچے، شکایت کنندگان اور جواب دہندگان کے حقوق و ذمہ داریوں، نیز ادارہ جاتی اور مقامی کمیٹیوں کی جانب سے تحقیقات کے دوران اختیار کیے جانے والے طریقہ کار پر تکنیکی اجلاس منعقد کیے۔اس موضوع پر ایک کتابچہ بھی جاری کیا گیا اور پروگرام کے دوران پوش تربیت کاروں کو اعزاز سے نوازا گیا۔

پروفیسر ثمینہ خان نے کہا کہ اس تربیت سے کام کی جگہوں پر موصول ہونے والی شکایات کو منصفانہ، حساس اور شفاف انداز میں نمٹانے کے لیے ابھرتے ہوئے طریق ہائے کار کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ حاصل شدہ معلومات سے یونیورسٹی میں پوش ایکٹ کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے اور ایک محفوظ، مساوی اور صنفی اعتبار سے حساس ماحول کو فروغ دینے کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande