
نئی دہلی،18جولائی (ہ س)۔ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے شری سونم وانگ چک کو ان کے پُرامن جمہوری احتجاج کے دوران مبینہ طور پر زبردستی حراست میں لے کر اسپتال منتقل کیے جانے کے اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کہا کہ جمہوریت میں پُرامن احتجاج، اختلافِ رائے کے اظہار اور ستیہ گرہ کا حق آئینِ ہند کے آرٹیکل 19(1)(a) اور 19(1)(b) کے تحت ہر شہری کو حاصل ہے۔ حالیہ برسوں میں مودی حکومت نے شاہین باغ سی اے اے احتجاج، کسان تحریک اور پہلوانوں کے احتجاج سمیت متعدد مواقع پر ریاستی طاقت کا استعمال کرکے اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش کی ہے، جو حکومت کی بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور آمرانہ رجحانات کی عکاسی کرتا ہے اور جو ملک کی جمہوری اقدار پر براہِ راست حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شری سونم وانگ چک تعلیم میں اصلاحات، موسمیاتی تبدیلی اور قبائلیوں کے حقوق کے تحفظ جیسے اہم قومی مسائل پر مسلسل آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ ایسے جائز مطالبات کا جواب مذاکرات کے بجائے جبر و تشدد سے دینا نہ صرف غیر جمہوری بلکہ انتہائی شرمناک ہے۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا شری سونم وانگ چک اور ہر اس شہری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ اقتدار کے سامنے سچ بولنا جرم نہیں بلکہ ایک قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔انہوں نے ملک کے عوام، طلبہ اور تمام جمہوریت پسند تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس آمرانہ اقدام کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais