
تیزبارش کی کیلئے انوکھا ٹوٹکا، بھوپال میں گدھوں کو گلاب جامن کھلائے، اندردیو سے بارش کی پرارتھنا
بھوپال، 18 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں مانسون کی سست رفتاراورمسلسل بارش کی کمی نے کسانوں سے لے کرعام لوگوں تک کی تشویش بڑھا دی ہے۔ راجدھانی بھوپال میں کئی دنوں سے تیزبارش نہیں ہونے اوربڑھتی ہوئی حبس کے درمیان ہفتے کے روز ایک انوکھا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ کولارروڈ پرواقع گیسٹ ہاوس (کولارتراہا) کے پاس مقامی لوگوں نے برسوں پرانی عوامی روایت کے تحت گدھوں کو پھول مالائیں پہنا کران کا استقبال کیا اوراسے گلاب جامن کھلا کراندردیو سے اچھی بارش کی پرارتھنا کی۔
یہ انوکھا پروگرام دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کے درمیان بحث کا موضوع بن گیا۔ بڑی تعداد میں راہگیر وہاں رک گئے، کئی لوگوں نے موبائل سے ویڈیو بنائے اور سوشل میڈیا پر شیئر کیے، جس کے بعد یہ پروگرام تیزی سے وائرل ہو گیا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ کوئی نیا تجربہ نہیں، بلکہ مالوا-نماڑ خطے سمیت ریاست کے کئی حصوں میں برسوں سے چلی آرہی عوامی روایت کا حصہ ہے۔ عقیدہ ہے کہ جب مانسون کمزور پڑجاتا ہے یا وقت پر بارش نہیں ہوتی، تب گدھوں کومٹھائی کھلا کراوران کا احترام کرکے اندردیو کو خوش کرنے کی پرارتھنا کی جاتی ہے، جس سے اچھی بارش ہوتی ہے۔ پروگرام کے دوران لوگوں نے ’’اندر دیو مان جاو‘‘ لکھی ہوئی تختیاں بھی ہاتھوں میں لے کر ریاست میں جھماجھم بارش، کسانوں کی خوشحالی اور پانی کے ذرائع کے بھرنے کی تمنا کی۔
منتظم مجاہد صدیقی نے بتایا کہ ریاست کا کسان خریف کی فصلوں کی بوائی کرچکا ہے اورکھیتی پرلاکھوں روپے خرچ کرچکا ہے، لیکن مناسب بارش نہیں ہونے سے کھیتوں میں نمی ختم ہونے لگی ہے۔ اگرجلد اچھی بارش نہیں ہوئی تودھان، سویا بین، مکہ، کپاس سمیت کئی فصلیں متاثرہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام کسی سیاسی مخالفت کے لیے نہیں، بلکہ کسانوں، پانی کے ذرائع اور پوری ریاست کی خوشحالی کی تمنا کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اندر دیو مہربان ہوں گے اور ریاست میں جلد اچھی بارش ہوگی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ عوامی عقیدے کے مطابق گدھا شیتلا ماتا کی سواری مانا جاتا ہے۔ ایسا عقیدہ ہے کہ جب گدھے کومٹھائی کھلا کراس کا احترام کیا جاتا ہے تو شیتلا ماتا خوش ہوتی ہیں اوراندردیو اچھی بارش کرتے ہیں۔ اگرچہ اس عقیدے کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں ہے، لیکن دیہی اور شہری علاقوں میں آج بھی کئی لوگ اسے عقیدت اور روایت کے طور پر نبھاتے ہیں۔ گدھوں کو گلاب جامن کھلانے کا یہ انوکھا منظرسوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ کسی نے اسے عوامی عقیدت کی علامت بتایا تو کسی نے بارش کی امید میں کی گئی انوکھی کوشش کہا۔ راہگیروں کے لیے بھی یہ پروگرام توجہ کا مرکز بنا رہا۔
ریاست میں گزشتہ کئی دنوں سے تیز بارش کا سلسلہ رکا ہوا ہے، جس سے اوسط بارش کا گراف لگاتار نیچے آرہا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال میں کم دباو کا علاقہ بننے اور ریاست پرسرگرم مختلف موسمی نظاموں کے اثرسے آنے والے دنوں میں بارش کی سرگرمیاں پھر تیزہوسکتی ہیں۔ کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ معتدل سے بھاری بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش پوری طرح سے موسمی نظام اور سائنسی وجوہات پر منحصر کرتی ہے اور اس طرح کے ٹوٹکوں کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں ہے۔ اس کے باوجود مشکل حالات میں عوامی روایتیں اور مذہبی عقیدے لوگوں کو ذہنی حوصلہ اور امید دیتے ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی تمنا کے لیے مینڈکوں کی شادی، خصوصی پوجا ارچنا، یگیہ اور جانوروں کو خاص کھانا کھلانے جیسی روایتیں طویل عرصے سے چلی آ رہی ہیں۔
فی الحال بھوپال میں گدھوں کو گلاب جامن کھلانے کا یہ انوکھا پروگرام پوری ریاست میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ اب لوگوں کی نگاہیں آسمان پر ٹکی ہیں کہ عقیدت سے جڑی یہ علامتی کوشش کب تک مانسون کو پھر سے سرگرم کرتی ہے اور ریاست میں جھماجھم بارش کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن