
پریاگ راج، 18 جولائی (ہ س )۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک طالب علم سہرس سنگھ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یونیورسٹی سے وضاحت طلب کی ہے۔ عرضی گزار کے مطابق اسے تھیسس کی جانچ میں 97 نمبر حاصل ہوئے، لیکن یونیورسٹی کا آن لائن نظام 85 فیصد سے زیادہ نمبر درج کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اس وجہ سے طالب علم کو 36 گریڈ پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
عرضی گزار کا کہنا ہے کہ 85 فیصد نمبروں کی یہ حد صرف منسلک کالجوں پر لاگو ہوتی ہے، نہ کہ ان طلبہ پر جو براہ راست یونیورسٹی کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ جسٹس ونود دیواکر کی سنگل بنچ نے کہا کہ پہلی نظر میں اس فرق کا جواز یونیورسٹی کو واضح کرنا ہوگا۔
عدالت نے مدعا علیہ پروفیسر راجندر سنگھ ( رجو بھیا) ریاستی یونیورسٹی پریاگ راج کی جانب سے پیش وکیل پرتیک چندرا کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ سماعت تک اکیڈمک کونسل کی اس میٹنگ کی تفصیلات پیش کریں جس میں یہ پالیسی طے کی گئی تھی۔ ساتھ ہی کونسل کے ارکان کی تعداد اور ان کی اہلیت کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔
معاملے کی اگلی سماعت 21 جولائی 2026 کو دوپہر 2 بجے مقرر کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد