
پوربی سنگھ بھوم، 18 جولائی (ہ س)۔ ساکچی ٹِن شیڈ واقع پھل منڈی میں پھل کی قیمت کو لے کر ہونے والے تنازعہ کے بعد گرفتار کیے گئے محمد فہیم کو پولیس نے ہاتھوں میں ہتھکڑی لگا کر اور کمر میں رسی باندھ کر پوری منڈی میں گھمایا۔ اس دوران بڑی تعداد میں لوگ موقع پر موجود تھے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
ادھر، اس کارروائی کے بعد محمد فہیم کی اہلیہ فرزانہ نے ہفتہ کے روز پوربی سنگھ بھوم کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کو تحریری درخواست دے کر پورے معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے اور اپنے شوہر کے ساتھ مارپیٹ کرنے اور 60 ہزار روپے چھین لینے کے الزام میں متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اہلیہ کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی صبح محمد فہیم پھل خریدنے کے لیے ساکچی پھل منڈی گیا تھا، جہاں پھل کی قیمت کو لے کر دکانداروں سے اس کی تلخ کلامی ہو گئی۔ اس کے بعد چند افراد نے اس کے ساتھ مارپیٹ کی۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ مارپیٹ کے دوران اس کی جیب سے 60 ہزار روپے بھی نکال لیے گئے۔ شکایت میں قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، پھل کے تاجر راکیش کیسری نے ساکچی تھانے میں درج کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ محمد فہیم نے پہلے پھل کی قیمت پوچھی اور کچھ دیر بعد واپس آ کر قیمت کے معاملے پر جھگڑا شروع کر دیا۔ الزام ہے کہ اس نے گالی گلوچ کرتے ہوئے دکان میں رکھے پھل سڑک پر پھینک دیے۔ احتجاج کرنے پر اس نے دکان کے ملازم کے ساتھ مارپیٹ کی اور اس کا گلا دبانے کی کوشش کی۔ بیچ بچاؤ کے لیے آنے والے ملازم مادھو کے ساتھ بھی مارپیٹ کی گئی۔
واقعے میں زخمی ہونے والے ملازم کو علاج کے لیے ایم جی ایم اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اسے اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔
پھل تاجر کی شکایت اور وائرل ویڈیو کی بنیاد پر ساکچی پولیس نے محمد فہیم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو ہتھکڑی پہنا کر اور کمر میں رسی باندھ کر ٹِن شیڈ پھل منڈی میں گھمایا گیا۔ اس دوران وہ ہاتھ جوڑ کر پھل تاجروں سے معافی مانگتا ہوا بھی نظر آیا۔ اس پوری کارروائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
فی الحال پولیس دونوں فریقوں کی شکایات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد، وائرل ویڈیو اور دونوں فریقوں کے بیانات کی بنیاد پر آئندہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد