
بیڑ میں گورکھ ہجارے قتل معاملہ : ملزم کو عمر قید؛ کیج کی ایڈیشنل سیشن عدالت کا فیصلہبیڑ، 18 جولائی (ہ س)۔ ضلع کے کیج شہر کے کرانتی نگر علاقے میں دو سال قبل 18 سالہ گورکھ مہاویر ہجارے کے بے رحمانہ قتل کے مقدمے میں کیج کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملزم اجنکیا عرف سنی شام راؤ لانڈگے کو تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے ملزم پر 30 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے ایک سال اضافی قید کاٹنی ہوگی۔یہ واردات 23 اپریل 2024 کو شام تقریباً سات بجے کیج شہر کے وسنت ودیالیہ کے قریب واقع کرانتی نگر علاقے میں پیش آئی تھی۔ معمولی بات پر شروع ہونے والا جھگڑا اچانک شدید تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس دوران کرانتی نگر کے رہائشی ملزم اجنکیا عرف سنی لانڈگے نے اپنی قمیض میں چھپا کر رکھا ہوا تیز دھار ہتھیار نکال کر گورکھ ہجارے کی گردن پر وار کر دیا۔شدید زخمی ہونے والے گورکھ ہجارے کو فوری طور پر علاج کے لیے سب ڈویژنل اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعے کے بعد مقتول کے رشتہ دار راج سنجے گائیکواڑ کی شکایت پر کیج پولیس اسٹیشن میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انسپکٹر پرشانت مہاجن کی رہنمائی میں پولیس سب انسپکٹر راجیش پاٹل اور آنند شندے کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو بوبڈے واڑی کے ایک کھیت سے گرفتار کر لیا تھا۔ بعد ازاں پولیس سب انسپکٹر راجیش پاٹل نے تفتیش مکمل کرکے عدالت میں فردِ جرم داخل کی۔کیج کی ایڈیشنل سیشن عدالت میں سیشن جج آر۔ کے۔ شیخ کی عدالت نے مقدمے کی سماعت کی۔ سرکاری استغاثہ کی جانب سے اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر ایڈوکیٹ رام بیرنگل نے عدالت میں شواہد پیش کیے۔ عدالت نے استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے ثبوتوں اور پانچ گواہوں کی گواہی کو قابل اعتماد قرار دیتے ہوئے ملزم اجنکیا عرف سنی شام راؤ لانڈگے کو قتل کا مجرم ٹھہرایا اور اسے عمر قید کے ساتھ 30 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو ایک سال اضافی قید بھی بھگتنا ہوگی۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے