
لاتور ، 18 جولائی (ہ س): مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے گٹکھے کی غیر قانونی نقل و حمل کرنے والے ایک ملزم کو لاتور مقامی کرائم برانچ کی ٹیم نے گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے تقریباً 7 لاکھ 15 ہزار 560 روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکھا اور اس کی نقل و حمل کے لیے استعمال کی جانے والی ایک ٹویوٹا ایٹیوس کار ضبط کر لی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ امول تامبے کی ہدایت اور ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ منگیش چوہان کی رہنمائی میں لاتور ضلع بھر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی مہم کے تحت مقامی کرائم برانچ نے یہ کارروائی انجام دی۔
پولیس انسپکٹر سدھاکر باوکر کی قیادت میں پولیس ٹیم غیر قانونی کاروبار کے خلاف گشت کر رہی تھی کہ اسی دوران ایک مخبر نے اطلاع دی کہ سفید رنگ کی ٹویوٹا ایٹیوس کار، رجسٹریشن نمبر ایم ایچ 12 کے این 9729، میں ممنوعہ گٹکھا لایا جا رہا ہے، جسے گنج گولائی علاقے میں فروخت کیا جانا تھا۔ موصولہ مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر 16 جولائی کو شام تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر مشتبہ کار کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ممنوع قرار دیا گیا بڑی مقدار میں گٹکھا اور دیگر تمباکو مصنوعات برآمد ہوئیں۔
اس کارروائی میں عزیز محبوب پٹھان، عمر 40 سال، ساکن اندھورا، تعلقہ اوسہ، ضلع لاتور، کو حراست میں لیا گیا۔ تلاشی کے دوران ومل پان مسالہ، وی ون سگندھت تمباکو، رجنی گندھا پان مسالہ سمیت مختلف ممنوعہ گٹکھا اور تمباکو مصنوعات برآمد کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 2 لاکھ 65 ہزار 560 روپے بتائی گئی۔ اس کے علاوہ نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی ٹویوٹا ایٹیوس کار بھی ضبط کر لی گئی، جس کی مالیت تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔ اس طرح ضبط شدہ مجموعی مالیت 7 لاکھ 15 ہزار 560 روپے بنتی ہے۔
اس معاملے میں ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیت کی دفعات 123، 274، 275 اور 223 کے تحت گاندھی چوک پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ یہ کارروائی پولیس انسپکٹر سدھاکر باوکر کی قیادت میں پولیس سب انسپکٹر راجیش گھاڈگے اور پولیس اہلکار یووراج گیری، پردیپ سوامی، صاحب راؤ ہاکے، رسول پٹھان، ریاض سوداگر، سدھیشور مدنے، ضمیر شیخ، منوج کھوسے، کاکاساہب بوچرے، راہل کامبلے اور سنتوش کھانڈیکر نے انجام دی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے