تعلیم بالغان مرکز میں پی ایم وکاس اسکیم سے متعلق بیداری پروگرام کا انعقاد
علی گڑھ, 15 جولائی (ہ س) سینٹر آف کنٹی نیواِنگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن (سی سی اے ای ای) کے زیر اہتمام عالمی یومِ ہنرمندیِ نوجوانان کے موقع پر پردھان منتری وراثت کا سموَردھن (پی ایم وکاس) اسکیم کے بارے میں ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔
پی ایم وکاس


علی گڑھ, 15 جولائی (ہ س) سینٹر آف کنٹی نیواِنگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن (سی سی اے ای ای) کے زیر اہتمام عالمی یومِ ہنرمندیِ نوجوانان کے موقع پر پردھان منتری وراثت کا سموَردھن (پی ایم وکاس) اسکیم کے بارے میں ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد طلبہ اور اقلیتی برادری کے افراد کو وزارتِ اقلیتی امور کی اس اہم اسکیم کے تحت ہنرمندی، صنعت کاری، تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور روزگار سے متعلق دستیاب مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔

شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی روزگار کے مواقع بڑھانے میں ہنرمندی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ریسورس پرسن شعبہ کامرس کی ڈاکٹر نغمہ اظہر اور شعبہ تعلیم کے ڈاکٹر محمد شاکر نے پی ایم وکاس اسکیم کے اغراض و مقاصد اور فوائد سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پیشہ ورانہ تربیت، صنعت کاری کے فروغ، تعلیمی معاونت اور خود انحصاری پر مبنی اسکیم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، نیز اہلیت، رجسٹریشن کے طریقہ کار، تربیتی پروگراموں اور دستیاب کیریئر مواقع کی تفصیلات بھی پیش کیں۔

پی ایم وکاس کے ٹرینرز محترمہ نازیہ حسین، محترمہ علما چودھری اور محترمہ ثانیہ خان نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

پروگرام میں طلبہ، اساتذہ اور عملے کے ارکان نے سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا۔ سوال و جواب کے تعاملی سیشن میں شرکاء نے اسکیم سے متعلق اپنے مختلف سوالات کے جوابات حاصل کیے، جبکہ اہل امیدواروں کو اسکیم سے استفادہ کرنے کی ترغیب دینے کے لیے معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔

پروگرام کا اختتام ڈاکٹر شمیم اختر کے اظہارِ تشکر کے ساتھ ہوا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande