
علی گڑھ, 15 جولائی (ہ س) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی کے ڈاکٹر جاوید علی نے جون 2026 کے دوران سنگاپور اور انڈونیشیا کی ممتاز جامعات کا تعلیمی دورہ کیا، جہاں انہوں نے لیکچرز پیش کیے اور بین الاقوامی تحقیقی تعاون اور علمی تبادلے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی میں انہوں نے فیکلٹی آف سائنس کے وائس ڈین پروفیسر این جی کاہ لون سے ملاقات کی، جس میں مشترکہ تحقیق اور طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں پر گفتگو ہوئی۔
انڈونیشیا کے بانڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں انہوں نے ''فکسڈ پوائنٹ اٹریشنز: کنورجنس اینڈ اسٹیبلیٹی اینالیسس'' کے موضوع پر خصوصی لیکچر دیا اور سینئر اساتذہ کے ساتھ مشترکہ تحقیق اور پی ایچ ڈی طلبہ کی مشترکہ نگرانی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر جاوید علی نے بانڈونگ میں ہی ایجوکیشن یونیورسٹی آف انڈونیشیا میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس برائے فنکشنل اینالیسس، ڈفرینشل ایکویشنز اینڈ ماڈلنگ میں ''کنٹرولیبلٹی آف سائی-ہلفر فریکشنل ڈائنامیکل سسٹمز'' کے موضوع پر کلیدی خطاب بھی پیش کیا۔
یوگیاکارتا کی گدجہ مادا یونیورسٹی، جس کے ساتھ اے ایم یو نے 2023 میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، میں انہوں نے ''فکسڈ پوائنٹ الگورتھمز: کنورجنس اینالیسس اینڈ اپلیکیشنز'' کے موضوع پر خصوصی لیکچر دیا اور اساتذہ کے ساتھ مشترکہ تحقیق اور پی ایچ ڈی طلبہ کی مشترکہ نگرانی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر جاوید علی اب تک ایس سی آئی/اسکوپس سے منسلک بین الاقوامی جرائد میں 82 تحقیقی مقالات شائع کر چکے ہیں، اسپرنگر کی کانفرنس کارروائیوں کی ایک جلد کی ادارت کر چکے ہیں، 4 پی ایچ ڈی اسکالرس کی نگرانی کر چکے ہیں اور 22 ماسٹرز مقالات کی رہنمائی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایک جی آئی اے این کورس کا بھی انعقاد کر چکے ہیں اور علمی تعاون و تحقیق کے سلسلے میں دنیا کی 40 سے زائد جامعات کا دورہ کر چکے ہیں، جس سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بین الاقوامی علمی روابط کو مزید استحکام ملا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ