
جموں،15 جولائی(ہ س)۔
جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں منعقد ہونے والی سالانہ شری بابا بوڑھا امرناتھ یاترا 17 اگست سے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ یاترا 28 اگست کو رکشا بندھن کے روز اختتام پذیرہوگی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یاترا کا پہلا جتھہ جموں کے بھگوتی نگر یاتری نیواس سے پونچھ کے لیے روانہ ہوگا۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں عقیدت مند بابا بوڑھا امرناتھ کے درشن کے لیے یاترا میں شرکت کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔
یاتریوں کے لیے لنگر، رہائش، صفائی، بیت الخلاء، واٹر پروف خیمے، نکاسیٔ آب، پارکنگ، طبی سہولیات، پینے کے پانی اور بجلی کی مسلسل فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
حال ہی میں ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں شری مہامنڈلیشور سوامی وشواتمانند سرسوتی جی مہاراج نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرکے اس بار یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ یاترا کے آغاز سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے، جبکہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شفقت حسین بھٹ نے کہا کہ یاترا کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عقیدت مندوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول میسر آ سکے۔قابل ذکر ہے کہ بابا بوڑھا امرناتھ کا مقدس مندر پونچھ کے لوران علاقے میں سطح سمندر سے تقریباً 4600 فٹ کی بلندی پر دریائے پلست کے کنارے واقع ہے، اور مذہبی عقیدے کے مطابق بابا امرناتھ یاترا بابا بوڑھا امرناتھ کے درشن کے بغیر مکمل نہیں سمجھی جاتی ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر