
مہوبہ، 15 جولائی (ہ س)۔ یوپی کے مہوبہ ضلع ہیڈکوارٹر میں پولیس سے بے خوف شہ زوروں کے ذریعہ غنڈہ گردی اور مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پرانی دشمنی کی بنا پر پیٹرول پمپ پر پیٹرول بھرنے آئے نوجوان پر غنڈوں نے کلہاڑی اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرکے اس کے دونوں ہاتھ کاٹ ڈالے جس سے اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ زخمی کو میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا ہے۔ پٹرول پمپ پر کھلے عام پیش آنے والے سنسنی خیز واقعے نے سب کو چونکا دیا ہے۔ زخمی کے والد نے بی جے پی یووا مورچہ کے لیڈر اور اس کے ساتھیوں پر اس واقعہ کو انجام دینے کا الزام لگایا ہے۔
منگل کی رات، سبھاش نگر کا رہنے والا جیویندر سنگھ عرف وکی ٹھاکر (28) اپنی کار میں ایندھن بھرنے کے لیے ضلع ہیڈ کوارٹر کانپور ساگر نیشنل ہائی وے پر واقع ایک پٹرول پمپ پر پہنچا تھا،جہاںپہلے ہی سے تاک میں بیٹھے غنڈوں نے نوجوان کوگھیر لیا اور جان لیوا حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے اس پر کلہاڑی سے کئی بار حملہ کیا جس سے اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔حملہ میں وکی ٹھاکر کے دونوں ہاتھ کٹ گئے اور سر اور ٹانگوں پر گہرے زخموں سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
حملہ آورواردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا، جہاں وہ موت وزندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔
بدھ کو ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وندنا سنگھ نے بتایا کہ واقعہ میں زخمی کے ایک سابق جاننے والے کے ملوث ہونے کی اطلاع ملی ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ موصولہ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ واقعے کی تمام پہلووں کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ تحقیقات کو تیز کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
زخمی شخص کے والد بابورام نے بتایا کہ ان کا بیٹا پٹرول پمپ پر ایندھن بھرنے گیا تھا۔ بی جے پی لیڈر شیو پرتاپ سنگھ پرمار نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے قتل کرنے کی نیت سے منصوبہ بند حملہ کیا۔ اس کا بیٹا زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔ متاثرہ کے والد نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان کو حکومت کا تحفظ حاصل ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی