موشی عمارت حادثہ میں دو افسر معطل، پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کی کارروائی
پونے ، 15 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ضلع پونے کے موشی عمارت حادثہ کے معاملے میں پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے دو افسران کو معطل کر دیا ہے۔ معطل کیے گئے افسران میں ماحولیات محکمہ کے سربراہ سنجے کلکرنی اور ایگزیکٹو انجینئر یوگیش الہٹ شا
CIVIC MAHA MOSHI BUILDING ACCIDENT PROBE


پونے ، 15 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ضلع پونے کے موشی عمارت حادثہ کے معاملے میں پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے دو افسران کو معطل کر دیا ہے۔ معطل کیے گئے افسران میں ماحولیات محکمہ کے سربراہ سنجے کلکرنی اور ایگزیکٹو انجینئر یوگیش الہٹ شامل ہیں۔ یہ کارروائی 8 جولائی کو موشی علاقے میں انتھنی لارا رینیوایبل انرجی کمپنی کی عمارت گرنے کے نتیجے میں 9 ملازمین کی ہلاکت کے معاملے میں کی گئی ہے۔ اس سانحہ کی پولیس کے ساتھ ساتھ محکمہ شہری ترقی کی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تفصیلی تحقیقات کر رہی ہے۔

پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے ترجمان نے بدھ کے روز بتایا کہ میونسپل کمشنر ڈاکٹر وجئے سوریہ ونشی نے ماحولیات محکمہ کے سربراہ سنجے کلکرنی اور ایگزیکٹو انجینئر یوگیش الہٹ کو مبینہ لاپروائی کا ذمہ دار قرار دیا ہے، جس کے بعد دونوں افسران کو چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق دونوں افسران کو اس سے قبل وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کا جواب منگل کی شام موصول ہوا۔ جواب کا جائزہ لینے کے بعد مزید کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب انتھنی لارا رینیوایبل انرجی کمپنی سے وابستہ دو افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دوسرا زیر علاج ہے۔ پولیس کے مطابق علاج مکمل ہونے کے بعد اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کمپنی کو بھی وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

تاہم میونسپل کمشنر ڈاکٹر وجئے سوریہ ونشی نے واضح کیا کہ فی الحال سنجے کلکرنی اور یوگیش الہٹ کے خلاف فوجداری کارروائی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اس مرحلے پر دونوں کے خلاف قتلِ خطا یا غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج نہیں کرے گی، کیونکہ معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ اگر تفتیش کے دوران دونوں افسران کو قصوروار پایا گیا تو ان کے خلاف بھی مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande