
ویتنام کشتی حادثہ : آندھرا پردیش کے تین متاثرین کی لاشیں اہل خانہ کے حوالےحیدرآباد، 14 جولائی (ہ س)۔ ویتنام میں کشتی کے المناک حادثے میں اپنی جان گنوانے والے آندھرا پردیش کے تین باشندوں کی لاشیں منگل کی صبح حیدرآباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کارگو ٹرمینل پر لائی گئیں۔ ریاستی وزیر کونڈاپلی سرینواس نے ہوائی اڈے پر لاشوں کو حاصل کیا، سوگوار خاندانوں سے ملاقات کی اور لاشوں کی ان کے آبائی علاقوں کو باعزت واپسی کے انتظامات کی نگرانی کی۔
مرنے والوں کی شناخت کڑپہ کے رہنے والے مدیم سریدھر، مچلی پٹنم کی رہنے والی گیلی جے لکشمی اور ہندو پور کے رہنے والے روی تیجا کے طور پر کی گئی ہے۔ لاشوں کو پیر کی رات ایک خصوصی پرواز کے ذریعے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لایا گیا۔ طبی، کسٹم، امیگریشن اور کارگو کلیئرنس سمیت تمام ضروری قانونی اور انتظامی ضابطوں کو مکمل کرنے کے بعد، انہیں منگل کی صبح انڈیگو ایئر لائنز کی پرواز سے حیدرآباد لے جایا گیا۔
ہوائی اڈے پر وزیر کونڈاپلی سرینواس نے سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لاشوں کو وقار اور تیزی کے ساتھ ان کے آبائی مقامات تک پہنچایا جائے۔ اس مقصد کے لیے آندھرا پردیش حکومت نے حیدرآباد سے متعلقہ اضلاع تک مفت ایمبولینس سروس کا بھی انتظام کیا۔
آندھرا پردیش حکومت کی طرف سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق، لاشوں کوہندوستان لانے اور انہیں ان کی آبائی ریاستوں تک پہنچانے کا پورا عمل شہری ہوا بازی کی وزارت، ویتنام میں ہندوستانی سفارت خانہ، آندھرا پردیش بھون اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایک موبائل فون کمپنی نے اپنے ڈسٹری بیوٹرز اور ان کے اہل خانہ کے لیے ویتنام کے سیاحتی اور کاروباری دورے کا اہتمام کیا تھا۔ دریں اثنا، سیاحوں کولے جانے والی ایک فیری ہفتے کے روز جزیرے کے قریب الٹ گئی۔ حادثے کے وقت جہاز میں 32 افراد سوار تھے جن میں سے 15 ہندوستانی ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں تمل ناڈو کے 10، آندھرا پردیش کے تین اور کیرالہ کے دو افراد شامل ہیں۔
اس حادثے میں متوفی گیلی جے لکشمی کے شوہر گیلی کشور، جو مچلی پٹنم کی ساکن ہیں، بھی زخمی ہو گئے۔ وہ اس وقت ویتنام کے ایک ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق