
علی گڑھ, 14 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اجمل خاں طبیہ کالج کے شعبۂ امراضِ جلد و زہراویہ کے چیئرمین پروفیسر محمد محسن کو شعبہ جاتی صدور میں سینیارٹی کی بنیاد پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کورٹ کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ وہ آئندہ تین سال یا شعبے کے چیئرمین کے عہدے پر برقرار رہنے کی مدت، جو بھی پہلے مکمل ہو، یونیورسٹی کورٹ کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔پروفیسر محمد محسن کا شمار اجمل خاں طبیہ کالج کے ممتاز اساتذہ اور ماہرینِ امراضِ جلد و زہراویہ میں ہوتا ہے۔ وہ تدریس، تحقیق، مریضوں کے علاج اور علمی و انتظامی خدمات کے میدان میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یونیانی طب خصوصاً امراضِ جلد کے شعبے میں متعدد تحقیقی مقالات، علمی مضامین اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے ذریعے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ وہ ایم ڈی (یونانی) کے طلبہ کی رہنمائی اور تحقیقی منصوبوں کی نگرانی بھی کرتے رہے ہیں، جبکہ قومی و بین الاقوامی علمی سیمیناروں اور کانفرنسوں میں فعال شرکت کرتے رہے ہیں۔ اے ایم یو کورٹ یونیورسٹی کا اعلیٰ ترین آئینی ادارہ ہے، جو یونیورسٹی کی مجموعی پالیسی، ترقیاتی امور اور اہم انتظامی و تعلیمی معاملات میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ پروفیسر محمد محسن کی نامزدگی پرجامعہ کے اساتذہ، طلبہ، طبیہ کالج کے رفقا اور مختلف علمی و سماجی حلقوں نے ان کو اس اہم ذمہ داری پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی علمی بصیرت، انتظامی تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے یونیورسٹی کورٹ میں مؤثر کردار ادا کریں گے اور جامعہ کی تعلیمی و تحقیقی ترقی میں مثبت تعاون فراہم کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ