
پونے، ممبئی ، 14 جولائی (ہ س)۔ پونے شہر کے اہم چوراہوں اور مصروف سڑکوں پر اب پولیس کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کے احتجاج، دھرنے، جلوس یا راستہ روکو کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعے احتجاج کی اپیل، پیغام یا پوسٹ جاری کرنے سے پہلے بھی پولیس سے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پونے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی مقدمات درج کیے جائیں گے۔پولیس کے مطابق ایف سی روڈ، جے ایم روڈ، بال گندھرو چوک، کھنڈوجی بابا چوک، تلک چوک اور دریا کے کنارے واقع شہر کے دیگر اہم اور انتہائی مصروف مقامات پر کسی بھی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان مقامات پر احتجاج کے باعث شدید ٹریفک جام پیدا ہوتا ہے، جس سے عام شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پولیس نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ احتجاج، دھرنے، جلوس یا راستہ روکو جیسے پروگراموں کے لیے ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے کا استعمال کریں اور عوامی سڑکیں بند کر کے شہریوں کو پریشانی میں نہ ڈالیں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن (ایم پی ایس سی) کی بعض آن لائن امتحانات کے خلاف مقابلہ جاتی امتحانات کے امیدواروں نے روایتی طریقے سے امتحانات منعقد کرنے کے مطالبے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اسی سلسلے میں امیدواروں کے ایک وفد نے پیر کے روز پونے کے پولیس کمشنر امیتیش کمار سے ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران پولیس کمشنر امیتیش کمار نے احتجاج سے متعلق پولیس کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اچانک بڑی تعداد میں لوگوں کو سڑکوں پر جمع کرنا اورٹریفک نظام کو درہم برہم کرنا اب ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کے احتجاج، جلوس، دھرنے یا راستہ روکو پروگرام کے انعقاد سے قبل پولیس کی پیشگی اجازت لینا لازمی ہوگا، بصورت دیگر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی آمد و رفت کو متاثر ہونے سے بچانا، ٹریفک نظام برقرار رکھنا اور امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے