
گروگرام، 14 جولائی (ہ س)۔ رات میں گشت کے دوران ایک خوفناک سڑک حادثے میں دو پولیس اہلکاروں کی موت اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ فروخ نگر کے کھیڑا خرم پور گا¶ں کے قریب پیش آیا۔ معلومات کے مطابق ای آر وی گاڑی نمبر 254 پیر کی رات تقریباً 11 بجے ہری نگر ڈوما علاقے میں گشت کر رہی تھی۔ اس دوران فروخ نگر میں لڑائی کی اطلاع کنٹرول روم سے ملی۔ اطلاع ملنے پر ہیڈ کانسٹیبل چھوٹے لال، ہیڈ کانسٹیبل انیل اور کانسٹیبل دھرمیندر فروخ نگر کے لیے روانہ ہوئے۔
جیسے ہی گاڑی کھیڑا خرم پور میں سویرا کالج کے قریب پہنچی، ایک تیز رفتارای آر وی پیچھے سے پانی کے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ای آر وی کے پرخچے اڑ گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹینکر ایک ٹریکٹر کے ساتھ منسلک تھا اور اس میں کوئی لائٹس یا ریفلیکٹر نہیں لگاتھا جس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی ای آر وی کے ڈرائیور کو ٹینکر نظر نہیں آیا۔
حادثے کے بعد تینوں پولیس اہلکار گاڑی کے اندر ہی پھنس گئے۔ آس پاس موجود لوگوں نے گاڑی کے پارٹس کو توڑ کر انہیں باہر نکالا اور فوری طور پر ہسپتال لے گئے۔ مقامی اسپتال کے ڈاکٹروں نے ہیڈ کانسٹیبل چھوٹے لال اور ہیڈ کانسٹیبل انیل کو مردہ قرار دے دیا۔ کانسٹیبل دھرمیندر کو ابتدائی علاج کے بعد میدانتا اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے دونوں ہیڈ کانسٹیبل کی لاشیں سول اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھوا دی ہیں۔ دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم منگل کو کیا جائے گا۔ پولیس نے ٹینکر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ اس واقعہ کے بعد محکمہ پولیس میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan