
جموں, 14 جولائی (ہ س)۔ ضلع پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے ڈھوک کلکھاتا، رنجاتی علاقے میں منگل کی علی الصبح آسمانی بجلی گرنے سے مویشیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، جبکہ ایک ہی خاندان کے تین افراد زخمی ہو گئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق دھنڈی دھارا کے بالائی علاقے میں شوکت حسین ولد مراد بخش کے مویشیوں کے باڑے پر اچانک آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں 60 بھیڑیں، ایک بھینس اور ایک کتا موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
واقعے میں شوکت حسین کے خاندان کے تین افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں بھارتی فوج کے اہلکاروں نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تاہم اس حادثے میں کسی انسانی جان کے ضیاع کی اطلاع نہیں ہے۔واقعے کے بعد ضلع انتظامیہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام موقع پر پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ متاثرہ خاندان کو ممکنہ امداد فراہم کی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر