
امراوتی کے تیوسا میں 55 لاکھ روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکھا اور ٹرک ضبط، دو ملزمان گرفتارامراوتی، ممبئی ، 14 جولائی (ہ س)۔ امراوتی کے دیہی علاقوں میں ممنوعہ گٹکھے کی اسمگلنگ پراب بھی مؤثرطورپرقابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ اسی سلسلے میں مقامی کرائم برانچ نے تیوسا حدود میں کارروائی کرتے ہوئے 39 لاکھ روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکھا، پان مصالحہ اور تقریباً 16 لاکھ روپے مالیت کا ایک ٹرک ضبط کر لیا۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 55 لاکھ روپے مالیت کا مال ضبط کیا گیا اور دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔یہ کارروائی امراوتی۔ناگپور قومی شاہراہ پر تیوسا حدود میں انجام دی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عبد الرفیق عبد الشبیر (35)، ساکن مہیندر کالونی، اور ارشد خان رحمت خان (30)، ساکن پٹھان چوک، امراوتی، کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کی اطلاع مقامی کرائم برانچ کے پولیس انسپکٹر اشوک لانڈے نے دی۔ پولیس کے مطابق کرائم برانچ کی ٹیم نے قومی شاہراہ پر ایم ایچ 01 سی وی 6282 نمبر کے ایک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ٹرک سے گٹکھے اور پان مصالحہ سے بھرے 130 بورے برآمد ہوئے، جنہیں ضبط کر لیا گیا۔یہ کارروائی پولیس سب انسپکٹر ساگر ہٹوار، رویندر باونے، بلوَنت دابھنے، بھوشن پیٹھے اور نیلیش ڈانگورے پر مشتمل کرائم برانچ کی ٹیم نے انجام دی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے تیوسا پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ضبط شدہ ممنوعہ مال کس کا تھا اور اسے کہاں لے جایا جا رہا تھا۔ پولیس اس سلسلے میں مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ اسمگلنگ کے پورے نیٹ ورک اور اس کے اصل ذمہ داروں کا پتہ لگایا جا سکے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے