
لداخ, 14 جولائی (ہ س)۔ بھارتی فوج کے ایک افسر نے مشرقی لداخ میں منعقدہ دنیا کی بلند ترین الٹرا میراتھن اُملنگ لا چیلنج میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے نمایاں کامیابی اپنے نام کر لی۔سرکاری ذرائع کے مطابق 153 جنرل اسپتال سے وابستہ میجر دیپک کمار نے 70 کلو میٹر طویل دشوار گزار دوڑ سب سے پہلے مکمل کی، جبکہ لداخ اسکاؤٹس رجیمنٹل سینٹر کے کیپٹن سیواگرو ویلاسمی ایس نے بھی کامیابی کے ساتھ میراتھن مکمل کی۔
فائر اینڈ فیوری کور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ الٹرا میراتھن سرمنگ سوسائٹی اور سرمنگ ایڈونچر ٹورز کے زیر اہتمام سمٹ آور سرینڈر ریس سیریز کے تحت 13 جولائی کو منعقد ہوئی۔بیان میں کہا گیا کہ میجر دیپک کمار کی کامیابی بھارتی فوجی اہلکاروں کی بہترین جسمانی صلاحیت، ذہنی استقامت اور انتہائی دشوار حالات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظہر ہے۔ یہ میراتھن اُملنگ لا میں منعقد ہوئی، جہاں بی آر او کی تعمیر کردہ دنیا کی بلند ترین موٹر ایبل سڑک تقریباً 19,300 فٹ کی بلندی سے گزرتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتہائی بلند مقام اور سخت موسمی حالات میں 70 کلو میٹر کی دوڑ مکمل کرنا بھارتی فوجی افسران کی غیر معمولی جسمانی فٹنس، مضبوط اعصاب اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر