
جموں، 14 جولائی(ہ س)۔
شری بوڑھا امرناتھ جی یاترا کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے تیاریوں میں تیزی لاتے ہوئے یاتریوں کے قیام اور بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں تحصیلدار حویلی اظہرمجید اور تھانہ صدر پونچھ کی انچارج انسپکٹر تانیا گپتا نے مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور وشو ہندو پریشد کے نمائندوں کے ہمراہ یاتریوں کے قیام کے لیے مختص مقامات کا مشترکہ معائنہ کیا۔
دورے کے دوران افسران نے صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، بجلی، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی انتظامات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ یاترا کے آغاز سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر افسران نے کہا کہ یاتریوں کی سہولت اور سلامتی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے یاترا کو کامیاب اور پُرامن بنانے کو یقینی بنائیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہر سال ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند شری بوڑھا امرناتھ جی یاترا میں شرکت کے لیے پونچھ پہنچتے ہیں۔ سرکاری پروگرام کے مطابق یاتریوں کا پہلا قافلہ 17 اگست کو پونچھ پہنچے گا، جس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے تمام تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر