
اے ایم یو میں 17 جولائی کو اِنفلیب نیٹ آگاہی پروگرام اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب
علی گڑھ، 14 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری اور انفارمیشن اینڈ لائبریری نیٹ ورک (اِنفلیب نیٹ) سینٹر، گاندھی نگر کے اشتراک سے 17 جولائی کو یونیورسٹی پالی ٹیکنک (بوائز) آڈیٹوریم میں ‘‘اِنفلیب نیٹ خدمات سے متعلق آگاہی پروگرام’’ اور مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس پروگرام کا مقصد اساتذہ، محققین، لائبریرینز اور طلبہ کو اِنفلیب نیٹ سینٹر کی جانب سے فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل معلوماتی خدمات اور وسائل سے روشناس کرانا اور مفاہمتی یادداشت کے ذریعے اے ایم یو اور اِنفلیب نیٹ کے درمیان علمی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
اِنفلیب نیٹ سینٹر، گاندھی نگر کی ڈائریکٹر پروفیسر دیویکا پی مدالی مہمانِ خصوصی ہوں گی، جبکہ اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون تقریب کی صدارت کریں گی۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر مہمانانِ اعزاز ہوں گے۔ اِنفلیب نیٹ سینٹر کے سائنس داں ڈاکٹر ابھیشیک کمار ادارے کی خدمات اور ڈیجیٹل اقدامات پر خصوصی خطاب کریں گے۔
پروگرام کا آغاز قائم مقام یونیورسٹی لائبریرین اور کنوینر پروفیسر نشاط فاطمہ کے استقبالیہ خطاب سے ہوگا، جس کے بعد مہمانانِ کرام اظہارِ خیال کریں گے۔ وائس چانسلر کے صدارتی خطاب کے بعد اے ایم یو اور اِنفلیب نیٹ سینٹر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔
پروفیسر نشاط فاطمہ نے کہا کہ یہ پروگرام یونیورسٹی کی علمی برادری کو اِنفلیب نیٹ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، علمی وسائل اور تحقیقی معاونتی خدمات سے بہتر طور پر واقف ہونے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ اشتراک سے جدید معلوماتی خدمات تک رسائی مزید بہتر ہوگی اور یونیورسٹی کے تحقیقی و تعلیمی نظام کو مزید تقویت ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ