
ممبئی ، 12 جولائی (ہ س) ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ جولائی کے آغاز میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد ممبئی اور کونکن خطے کو آئندہ تقریباً ایک ہفتے تک موسلادھار بارش سے راحت ملنے کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق فی الحال علاقے میں کسی نئے کم دباؤ کے نظام کے بننے کے آثار نہیں ہیں، جس کے باعث آئندہ چند دنوں کے دوران بارش کی سرگرمی نسبتاً کم رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے سات دنوں کے دوران مہاراشٹر میں معمول سے کم بارش ہونے کا امکان ہے۔ ودربھ کے علاوہ ریاست کے کسی بھی حصے کے لیے بارش کا کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ مانسون ختم ہو گیا ہے یا واپس چلا گیا ہے۔ ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، البتہ شدید بارش کے طویل سلسلوں میں آئندہ چند روز کے دوران نمایاں کمی متوقع ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ حالیہ شدید بارشوں کا سبب شمال مغربی خلیج بنگال میں بننے والا کم دباؤ کا علاقہ تھا، جس کے اثر سے ممبئی، کونکن اور مہاراشٹر کے دیگر علاقوں میں کہیں شدید اور کہیں انتہائی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئی ایم ڈی نے جولائی 2026 کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے کم بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ حکمہ کے مطابق ملک میں جولائی کے دوران مجموعی بارش طویل مدتی اوسط 280.4 ملی میٹر کے تقریباً 94 فیصد کے برابر رہنے کا امکان ہے، جبکہ مہینے کے دوسرے نصف حصے میں بارش کی سرگرمی مزید کم ہو سکتی ہے۔
اگرچہ آئندہ چند روز کے دوران بارش میں کمی کی توقع ہے، لیکن اس مانسون سیزن میں ممبئی میں پہلے ہی معمول سے کہیں زیادہ بارش ہو چکی ہے۔ یکم جون سے 8 جولائی کے درمیان کولابہ موسمیاتی مرکز میں 1383.8 ملی میٹر اور سانتا کروز مرکز میں 1530.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو اس مدت کے معمول سے تقریباً 80 سے 94 فیصد زیادہ ہے۔ یکم سے 5 جولائی کے دوران ممبئی میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے، سڑکوں پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی تھی اور مضافاتی ریلوے خدمات بھی متاثر ہوئی تھیں۔ اس دوران شہر کے لیے نارنجی اور سرخ الرٹ بھی جاری کیے گئے تھے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق بارش میں ممکنہ وقفے کے دوران ممبئی میں ابر آلود موسم، زیادہ نمی اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔ تاہم جولائی کے وسط کے آس پاس اگر کوئی نیا موسمی نظام تشکیل پاتا ہے تو بارش کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق سرکاری اطلاعات پر مسلسل نظر رکھیں، کیونکہ مانسون کے دوران موسمی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے