
سون بھدر، 12 جولائی (ہ س)۔ اتوار کی صبح اترپردیش کے سون بھدر ضلع کے چوپان تھانہ علاقے کی مارکونڈی گھاٹی میں ایک جوڑے کی مسخ شدہ لاشیں ملنے کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ لاشوں کی حالت دیکھ کر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ دونوں کی موت تقریباً چار پانچ دن پہلے ہوئی ہوگی۔ لاشوں کے پاس کھڑی موٹرسائیکل کی بنیاد پر پولیس نے متوفی کی شناخت راہل یادو (30 سال) ولد ببلو یادو ساکنہ روبرٹس گنج کے بچھی اور اس کی بیوی اندراوتی عرف چندا (24 سال) کے طور پر کی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق دونوں کی شادی رواں سال مئی کے مہینے میں ہوئی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق راہل اپنی بیوی اندراوتی کولے کر بچھی سے اس کے مائیکے سلکھن جا رہا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں لاپتہ ہیں۔ اتوار کی صبح، مقامی لوگوں نے مارکونڈی گھاٹی میں ایک گہری کھائی میں پڑی دو لاشیں دیکھیں، جس کے بعد فوری طور پر گرما پولیس تھانہ کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملنے پر گرما چوکی کے انچارج شری پرکاش پولیس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے دونوں لاشیں کھائی سے نکال لیں۔ لاشیں مکمل طور پر سڑ چکی تھیں اوران میں کیڑے پڑچکے تھے، جس کی وجہ سے پہلے شناخت مشکل ہو گئی تھی۔ جائے وقوعہ کے قریب سے ایک موٹرسائیکل بھی ملی ہے جس سے متوفی کی شناخت کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو قبضے میں لے کر پنچنامہ مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ سامنے نہیں آئی۔ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک جانچ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan