
حیدرآباد،12 جولائی(ہ س)۔آندھراپردیش کے وجے واڑہ کے آٹونگرعلاقے میں ایک مکینک شیڈ میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں سات نجی سیاحتی بسیں مکمل طورپرجل کرخاکسترہوگئیں۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں کوئی جانی نقصان یازخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ فائربریگیڈ کے حکام نے بتایا کہ آگ ایک مکینک شیڈمیں بھڑکی اور تیزی سے پورے احاطے میں پھیل گئی۔ شیڈ میں بڑی تعداد میں نجی سیاحتی بسیں کھڑی تھیں،جن میں سے سات مکمل طورپرجل گئیں جبکہ دودیگربسوں کوجزوی نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچیں اورکافی کوشش کے بعد آگ پرقابوپالیا۔ فائرحکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہواہے کہ شیڈ میں ویلڈنگ کا کام جاری تھا، جس کے دوران چنگاریاں نکلنے سے آگ بھڑک اٹھی اورتیزی سے پورےعلاقے میں پھیل گئی۔ تاہم حادثے کی حتمی وجہ اور مالی نقصان کا درست اندازہ ابھی لگایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے جے سی بی مشین کی مدد سے کچھ بسوں کو شیڈ سے باہرنکال لیا،جس سے مزید نقصان ہونے سے بچ گیا۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس حادثے میں کئی کروڑ روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچاہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق