
حیدرآباد ،12 جولائی (ہ س)۔
رنگاریڈی ضلع کے شاہ آباد منڈل کے دیولہ گوڈا گاؤں میں پیش آئے سنسنی خیزچھ افراد کے قتل کے مقدمے کے مرکزی ملزم راج کمار کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تلاش کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ چیوڑلہ کے ڈپٹی کمشنرآف پولیس(ڈی سی پی)یوگیش گوتم نے اتوارکوبتایاکہ ملزم کی تلاش کےلیے نوخصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ملزم کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے ڈی سی پی نے واضح کیاکہ راج کماراب بھی مفرورہے اورعوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پرپھیلائی جانے والی افواہوں پریقین نہ کریں۔
انہوں نے کہاکہ شاہ آباد میں چھ افراد کے قتل کے معاملے کی تحقیقات تیزکردی گئی ہیں۔ ریلوے پولیس، ٹریکنگ ٹیموں اورانسانی وتکنیکی تفتیشی یونٹوں سمیت نوخصوصی ٹیمیں ملزم کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ہمیں شبہ ہے کہ وہ چیگوروریلوے ٹریک عبورکرکے جنگلاتی علاقے میں فرارہوگیاہے۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے مبینہ طورپرانتقام کی نیت سے یہ واردات انجام دی، کیونکہ اس کے خلاف ایک کم عمرلڑکی کومبینہ طورپرہراساں کرنے کے الزام میں پوکسوایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ راج کمارنے دیررات دیولہ گوڈا گاؤں میں دو خاندانوں کے چھ افراد کومبینہ طورپرقتل کردیا تھا۔اس ہولناک واقعے کے بعد ریاست بھر میں شدید صدمے اورتشویش کی لہر دوڑگئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق