
گوہاٹی، 12 جولائی (ہ س) آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمنتا بسوا سرما نے کہا ہے کہ پہلے اپوزیشن ریاست میں منشیات کے خلاف چلائی جارہی مہم کی مخالفت کرتی تھی اور پولس کی جائز کارروائی پر بھی سوال اٹھاتی تھی، لیکن اب وہی اپوزیشن اس معاملے پر حکومت کے ساتھ کھڑی نظر آرہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر اپوزیشن پانچ سال پہلے حکومت کے ساتھ تعاون کرتی تو آسام پولیس منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مہم میں زیادہ موثر نتائج حاصل کر سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ محض تلاشی اور گرفتاری کی کارروائیوں سے مکمل طور پر حل نہیں ہو سکتا۔ معاشرے کو برباد کرنے والی اس برائی کے خاتمے کے لیے عوام الناس کی فعال شرکت اور تعاون یکساں ضروری ہے۔
ڈاکٹر سرما اتوار کو نلباڑی میں ضبط شدہ منشیات کو تلف کرنے کی تقریب میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مستقبل میں بھی اس مہم کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی