
بالاگھاٹ ضلع کے رام پائلی میں گاوں والوں سے بھری پک اپ پلٹی، 18 مزدور زخمی
بالاگھاٹ، 12 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع میں رام پائلی تھانہ علاقے کے تحت گرام پونی-بٹرمارا پلیا کے درمیان اتوار کی صبح ایک تیز رفتار پک اپ گاڑی بے قابو ہو کر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں 18 زرعی مزدور زخمی ہو گئے، جنہیں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔
دراصل، پک اپ پر سوار مزدور اتوار کے روز خریف کے سیزن میں دھان کی روپائی کے لیے نکلے تھے۔ رام پائلی تھانہ علاقے کے بٹرمارا پل کے پاس صبح تقریباً 9 سے 10 بجے کے درمیان مزدوروں سے بھری پک اپ گاڑی بے قابو ہو کر پلٹ گئی۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد رام پائلی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعے ضلع اسپتال پہنچایا۔ زخمیوں میں دو خواتین سنیتا گجبئے اور سَویتا للہارے کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں گوندیا ریفر کیا گیا ہے، جبکہ ایک خاتون کا شہر کے نجی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ تمام زخمی گرام ڈونگرمالی اور بٹولی کے رہنے والے ہیں۔
پولیس کے مطابق، موجودہ وقت میں جاری کھیتی باڑی کے کاموں کے پیشِ نظر مزدوروں کو گاڑی میں بھر کر لایا جا رہا تھا۔ تمام مزدور نیورگاوں میں دھان کی روپائی کرنے جا رہے تھے، تبھی بٹرمارا پل کے پاس پک اپ گاڑی بے قابو ہو کر پلٹ گئی۔ پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن