جگتیال گرکُل اسکول میں طالبات کو کیڑوں والا چاول اورخراب سبزیوں کی فراہمی کا الزام
حیدرآباد ،12 جولائی (ہ س)۔ تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے مٹ پلی منڈل ہیڈکوارٹرمیں واقع تلنگانہ سوشل ویلفیئرگرلزریزیڈنشل اسکول ایک بارپھرتنازعہ کامرکزبن گیاہے، جہاں طالبات کومبینہ طورپرکھانے میں کیڑوں والاچاول اور خراب سبزیاں فراہم کیے جانے کا معاملہ
جگتیال گرکُل اسکول میں طالبات کو کیڑوں والا چاول اورخراب سبزیوں کی فراہمی کا الزام،


حیدرآباد ،12 جولائی (ہ س)۔

تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے مٹ پلی منڈل ہیڈکوارٹرمیں واقع تلنگانہ سوشل ویلفیئرگرلزریزیڈنشل اسکول ایک بارپھرتنازعہ کامرکزبن گیاہے، جہاں طالبات کومبینہ طورپرکھانے میں کیڑوں والاچاول اور خراب سبزیاں فراہم کیے جانے کا معاملہ سامنے آیاہے۔ اطلاعات کے مطابق اسکول میں زیرتعلیم طالبات نے شکایت کی کہ انہیں فراہم کیے گئے چاول میں کیڑے موجود تھے جبکہ سبزیاں بھی خراب اورغیرمعیاری تھیں۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد والدین اور مقامی افراد نے گرکُل اسکولوں میں کھانے کے معیاراورصفائی کے انتظامات پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس رہائشی اسکول میں تقریباً 530 طالبات زیر تعلیم ہیں، جو اپنی روزمرہ خوراک کے لیے مکمل طور پر ادارے پر انحصار کرتی ہیں۔ ایسے میں غیر معیاری اور غیر صحت بخش خوراک کی فراہمی نے طالبات کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جب صحافیوں نے اس معاملے پر اسکول انتظامیہ سے وضاحت طلب کرنے کی کوشش کی تو پرنسپل ڈی مادھوری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیاکہ آپ کون ہیں پوچھنے والے اوراندرکیوں آئے ہیں؟یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مذکورہ اسکول تنازعے میں آیاہو۔گروکُل اسکولوں میں کھانے کے معیاراورطالبات کی فلاح و بہبود سے متعلق مسلسل سامنے آنے والے واقعات کے باوجود متعلقہ حکام کے رویے اور نگرانی کے نظام پرسوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ والدین اورسماجی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande