
علی گڑھ، 12 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جے این میڈیکل کالج کے شعبہ اینستھیسیالوجی نے انڈین سوسائٹی فار دی اسٹڈی آف پین (آئی ایس ایس پی)، علی گڑھ سٹی برانچ کے اشتراک سے آئی ایس ایس پی فاؤنڈیشن ڈے 2026 منایا، جس کا مقصد نیوروپیتھک درد سے متعلق آگہی کو فروغ دینا تھا۔ حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے شعبہ اینستھیسیالوجی کے چیئرمین پروفیسر حماد عثمانی نے کہا کہ نیوروپیتھک درد کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کی بروقت شناخت، درست تشخیص اور مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل جامع علاج کے ذریعہ مریضوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے نیوروپیتھک درد کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بہتر طبی نتائج کے لیے مختلف طبی شعبوں کے درمیان اشتراک و تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ جے این ایم سی کے پرنسپل اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر انجم پرویز نے کہا کہ آگہی، بروقت مداخلت اور درد کے علاج کے شعبے میں جدید پیش رفت متاثرہ افراد کی تکلیف کم کرنے اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پروگرام میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نیر آصف اور آئی ایس ایس پی ، علی گڑھ سٹی برانچ کے نائب صدر پروفیسر آشیش متل بھی موجود تھے۔ انہوں نے طلبہ اور طبی ماہرین کو درد کے مؤثر علاج اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لیے مسلسل اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے درمیان پوسٹر پرزنٹیشن مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ نے معلوماتی اور اختراعی پوسٹروں کے ذریعے نیوروپیتھک درد کے تصور کو مریضوں کے لیے آسان انداز میں پیش کیا۔ ان پوسٹروں کا جائزہ پین کلینک میں آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں نے ہی لیاجو سائنسی معلومات کی مؤثر ترسیل کے ساتھ ساتھ علاج سے مستفید ہونے والے افراد کی رائے کو اہمیت دئے جانے کا عکاس ہے۔ اختتامی تقریب میں مہمانوں نے پوسٹر مقابلے کے کامیاب طلبہ کو انعامات سے نوازا۔ تقریب میں اساتذہ، پوسٹ گریجویٹ طلبہ، انٹرنز، نرسنگ اسٹاف، مریضوں اور ان کے تیمارداروں نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ