
فرید آباد، 12 جولائی (ہ س) فرید آباد میں آگرہ نہر میں چھلانگ لگانے والی خاتون اور نوجوان کی تلاش اتوار کو دوسرے دن بھی جاری رہی۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں نہر کے پانی میں ان دونوں کی تلاش کر رہی ہیں، لیکن ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ زیر تفتیش ہے۔ ان کے نہر میں چھلانگ لگانے کے فیصلے کی وجوہات ابھی تک واضح طور پر سامنے نہیں آسکیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کی شام رشمی نامی ایک خاتون اور ایک نوجوان نے بی پی ٹی پی پولیس اسٹیشن کے حدود میں سیکٹر 75 کے قریب آگرہ نہر میں چھلانگ لگا دی۔ راہگیروں نے واقعہ کو دیکھا اور قریبی پولیس بوتھ پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس کی معلومات کے مطابق نوجوان کی شناخت آکاش (23) کے طور پر کی گئی ہے جو پلہ تھانہ علاقہ کے سیہت پور کا رہنے والا ہے، جب کہ خاتون سیکٹر 31 کی رہنے والی بتائی جارہی ہے۔خاتون بیوٹی پارلر چلاتی ہے۔ جس گاڑی میں وہ نوجوان کے ساتھ آگرہ نہر پر پہنچی اس پر ہریانہ پولیس کا اسٹیکر لگا ہوا تھا۔ پولیس کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ خاتون کا بھائی ہریانہ پولیس میں کانسٹیبل ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں پہلے سے واقف تھے۔ خاتون کے شوہر نے پولیس کو مطلع کیا کہ نوجوان 7 جولائی کو ان کے گھر پہنچاتھا، جس کے بعد اس نے پولیس کو بلایاتھا۔ نوجوان مسلسل خاتون کا پیچھا کر رہا تھا اور اس بارے میں پہلے پولیس میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔ پولیس اس معاملہ میں زیادہ تفصیلات ظاہر نہیں کر رہی ہے۔ بی ٹی پی اسٹیشن انچارج پردیپ کمار نے بتایا کہ آگرہ نہر میں دونوں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی