
علی گڑھ, 12 جولائی (ہ س) بجلی صارفین کی رضامندی کے بغیر بجلی کا لوڈ بڑھائے جانے کے خلاف کانگریس کارکنوں نے سابق رکن اسمبلی وویک بنسل کی قیادت میں لال ڈگی واقع بجلی دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے نعرے بازی کے بعد گورنر کے نام ایک عرضداشت سپرنٹنڈنگ انجینئر انشومان یادو کو پیش کی۔
کانگریس رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ صارفین پر اضافی بجلی کا لوڈ زبردستی عائد کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ وویک بنسل نے الزام لگایا کہ پہلے اسمارٹ پری پیڈ میٹروں کے ذریعے عوام پر مالی بوجھ ڈالا گیا اور اب بجلی کا لوڈ بڑھا کر مزید مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے حالیہ برقی حادثے میں خاتون رجنی شرما کی موت کا ذکر کرتے ہوئے اسے محکمۂ بجلی کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا۔
ضلع انچارج محمد ضیاء الدین راہی نے کہا کہ مہنگائی سے پریشان عوام پر بجلی کے اضافی چارجز مسلط کرنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو کانگریس اپنی احتجاجی مہم مزید تیز کرے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ