
حیدرآباد ،12 جولائی (ہ س)۔
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے مایہ نازپلے بیک سنگرایس جانکی کے دیہانت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو ہندوستانی فلم انڈسٹری اورلاکھوں موسیقی کے شیدائیوں کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان قراردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’پرایک پوسٹ میں کہاکہ جانکی نے اپنی آوازکی مٹھاس سے جنوبی ہندوستان کے موسیقی سے محبت کرنے والوں کے دلوں میں ایک انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلموں میں مختلف کرداروں اور حالات کے لحاظ سے گانوں کے ذریعے نو طرح کے تاثرات کو زندہ کرنے کی ان کی صلاحیت نے دہائیوں تک سامعین کو مسحور کیے رکھا۔ ریڈی نے کہا کہ یہ تلگولوگوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ جانکی تلگو برادری سے تعلق رکھتی تھیں۔ ہندوستانی سنیما میں ان کی شاندار خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جانکی نے تلگو، تمل اور ہندی سمیت 17 زبانوں میں 50,000 سے زیادہ گانے گائے اوراپنے شاندار کیریئر کے دوران کئی قومی اعزازات حاصل کیے۔وزیر اعلیٰ نے ان کے غم زدہ خاندان کے ارکان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق