
بھوپال، 12 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں اتوار کے روز چارٹرڈ اکاونٹنٹس کی جانب سے ایک خصوصی سائیکلنگ ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 100 سی اے، اسٹوڈنٹس اور ان کے خاندانوں نے حصہ لیا۔ ایس اے آئی احاطے سے شوٹنگ اکیڈمی تک نکالی گئی اس ریلی کا مقصد ’فٹ انڈیا‘ مہم کے تحت لوگوں کو جسمانی طور پر سرگرم اور صحت مند رہنے کے لیے راغب کرنا تھا۔
بھوپال میں اتوار کی صبح فٹنس کے جذبے سے سرشار رہی۔ ’دی انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹنٹس آف انڈیا‘ (آئی سی اے آئی) کی بھوپال شاخ نے ’اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا‘ (ایس اے آئی) کے ساتھ مل کر ایک سائیکلنگ ریلی کا انعقاد کیا۔ اس ریلی کا آغاز ایس اے آئی احاطے سے ہوا، جہاں سے شرکا سائیکل چلاتے ہوئے شوٹنگ اکیڈمی تک پہنچے اور دوبارہ ایس اے آئی احاطے واپس لوٹے۔ اس دوران سی اے، اسٹوڈنٹس اور ان کے خاندانوں نے پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے شہر کے باشندوں کو باقاعدہ ورزش اور ایک سرگرم طرزِ زندگی اپنانے کا پیغام دیا۔
اس انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آئی سی اے آئی بھوپال شاخ کے صدر سی اے آدتیہ پی شریواستو نے کہا کہ آج کی مصروف طرزِ زندگی میں صحت مند رہنے کے لیے جسمانی سرگرمی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے پروگرام نہ صرف لوگوں کو فٹنس کے تئیں بیدار کرتے ہیں، بلکہ ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کی تعمیر میں بھی بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔
وہیں، شاخ کے سکریٹری سی اے ابھشیک جین نے معلومات دی کہ ادارہ اپنے اراکین اور طلبہ کی جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مستقبل میں بھی اس طرح کے کھیل اور فٹنس پروگرام مسلسل منعقد کرتا رہے گا۔ اس ریلی کا بنیادی مقصد ’’فٹ انڈیا، ہیلدی انڈیا‘‘ کے عزم کو عوام تک پہنچانا تھا، جس میں اہل خانہ کی سرگرم شرکت نے پروگرام کو جلا بخشی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن