
علی گڑھ, 12 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ کے رام گڑھ پنجی پور کے قریب واقع علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی اراضی پر مبینہ قبضے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا الزام ہے کہ چند افراد نے چہار دیواری کے سیمنٹ کے کھمبے توڑ کر زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد موقع پر کشیدگی پیدا ہو گئی۔
اطلاع ملنے پر پراکٹر آفس اور محکمۂ املاک کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مبینہ قبضہ روکنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ محکمۂ املاک کی جانب سے تھانہ کوارسی میں تحریری شکایت درج کرائی گئی ہے۔
پراکٹر پروفیسر محمد نوید خان نے کہا کہ یونیورسٹی کی اراضی پر غیر قانونی قبضے کی کوشش کی گئی اور چہار دیواری کو نقصان پہنچایا گیا۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہو گئی ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر دونوں فریق زمین پر اپنا حق جتا رہے ہیں، اس لیے تحقیقات کے بعد ہی حقیقت سامنے آئے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ