
پٹنہ، 11 جولائی (ہ س)۔ بہار میں جولائی کے آغاز سے ہی مانسون پوری طرح سے سرگرم ہے۔ جمعہ کی رات سے وہ رہی مسلسل بارش سے پٹنہ کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پٹنہ کے انیس آباد علاقے میں 10 جولائی 2026 کی شام 5:30 بجے سے 11 جولائی 2026 کی صبح 8:30 بجے تک 46.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ چند گھنٹوں کی پیش گوئی کے مطابق جولائی کی شام 3 بجے تک 75 سے 85 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔ میونسپل کمشنر بارش کے دوران پانی بھرنے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ذاتی طورپرسڑکوں پرنکلے۔ انہوں نے متعلقہ بلدیاتی اداروں اور دیگر ایجنسیوں کو پانی کی نکاسی کا مناسب نظام برقراررکھنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ لوگوں کو مقامی سطح پر پانی بھرنے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہنا چاہیے۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی ٹیم بھی مسلسل پانی کی نکاسی کا کام کر رہی ہے۔ مانسون کے پیشن نظر تمام سینئر افسران، تین ایڈیشنل میونسپل کمشنر، ضلع مجسٹریٹ، تمام ایگزیکٹو انجینئر، اور19 کوئیک رسپانس ٹیمیں (کیو آر ٹی) میدان میں تعینات ہیں۔ہرٹیم تین افراد پر مشتمل ہے اوراسے ایک گاڑی فراہم کی گئی ہے تاکہ ٹیمیں بارش کے دوران علاقے کا مسلسل دورہ کرسکیں، آبی نکاسی کے کام کی نگرانی کرسکیں اور ضروری کارروائی کرسکیں۔ اسی طرح حج بھون کے قریب ایک درخت گرنے کی اطلاع ملنے پر پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، درخت کو ہٹایا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کیا۔ دریں اثنا شہر کے بڑے نالوں، پمپ ہاؤسز، اور پانی بھرے علاقوں کی ڈیجیٹل طور پر 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ جیسے ہی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوتی ہے، خودکار پمپس کو چالو کر دیا جاتا ہے۔ اس سے شہر میں پانی جمع ہونے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ پٹنہ شہر میں کل 56 مستقل اور 35 عارضی ڈی پی ایس ہیں۔ شہر کی پانی کی نکاسی کے لیے کل 364 پمپ استعمال کیے جا رہے ہیں جن میں 265 الیکٹرک اور 99 ڈیزل پمپس شامل ہیں۔ مستقل ڈی پی ایس پر 256 پمپ اور عارضی ڈی پی ایس پر 83 پمپ لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 8 نئے ڈی پی ایس بنائے گئے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan