فیفا ورلڈ کپ : میرینو کے آخری منٹ کے گول سے اسپین سیمی فائنل میں، بیلجیم کو 1-2 سے ہرایا
لاس اینجلس، 11 جولائی (ہ س)۔ سپر سب مکیل میرینو نے لگاتار دوسرے ناک آوٹ مقابلے میں آخری لمحات میں گول داغ کر اسپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ اسپین نے سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں بیلجیم کو 1-2 سے شکست دی اور اب سیمی فائنل می
گول کرنے کے بعد خوشی مناتے ہوئے مکیل میرینو


لاس اینجلس، 11 جولائی (ہ س)۔ سپر سب مکیل میرینو نے لگاتار دوسرے ناک آوٹ مقابلے میں آخری لمحات میں گول داغ کر اسپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ اسپین نے سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں بیلجیم کو 1-2 سے شکست دی اور اب سیمی فائنل میں اس کا سامنا فرانس سے ہوگا۔

آرسنل کے مڈفیلڈر میرینو 86 ویں منٹ میں میدان پر اترے اور محض دو منٹ بعد ہی فیصلہ کن گول کر کے اسپین کو جیت دلا دی۔ بیلجیم کے متبادل گول کیپر سینے لیمینس نے پاو کیوبارسی کے شاٹ کو روکنے کی کوشش کی، لیکن گیند سیدھی میرینو کے پاس پہنچی اور انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی۔

اس سے قبل راونڈ آف-16 میں بھی میرینو نے پرتگال کے خلاف 91 ویں منٹ میں فاتحانہ گول کر کے اسپین کو کوارٹر فائنل میں پہنچایا تھا۔

میچ کے بعد میرینو نے کہا، ’’میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ ایک بار ایسا ہونا ہی ناقابلِ یقین تھا، لیکن لگاتار دوسری بار ایسا ہونا اور بھی خاص ہے۔ یہ قسمت نہیں، بلکہ تیاری کا نتیجہ ہے۔ جب میں میدان پر اترتا ہوں تو ہمیشہ ٹیم کی مدد کرنے کے لیے تیار رہتا ہوں۔ میرے ساتھی کھلاڑی مسلسل کہہ رہے تھے کہ میں پھر گول کروں گا۔ میں ہمیشہ ٹیم کے لیے اپنا تعاون دینا چاہتا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’کسی بڑے ٹورنامنٹ میں اسپین کے لیے یہ میرا تیسرا میچ جتوانے والا گول ہے۔ گزشتہ یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں بھی میں نے جرمنی کے خلاف 119 ویں منٹ میں گول کیا تھا۔ ابھی ورلڈ کپ جیتنے کے لیے ہمارے پاس دو اور میچ ہیں اور امید ہے کہ ہم یہ خواب پورا کریں گے۔ اپنے خاندان کے ساتھ ان لمحات کو جینا میرے لیے خوش قسمتی کی بات ہے۔‘‘

اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے نے میرینو کی جم کر تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’مکیل ناقابلِ یقین کھلاڑی ہیں۔ ان کے پاس کئی شاندار خوبیاں ہیں اور وہ کسی بھی پوزیشن پر کھیل سکتے ہیں۔ جب بھی ہمیں ان کی ضرورت ہوتی ہے، وہ ہمیشہ ٹیم کے لیے کھڑے رہتے ہیں۔‘‘

اسپین نے پہلا گول فابیان روئز کے ذریعے کیا تھا، لیکن بیلجیم کے چارلس ڈی کیٹیلیئر نے ہاف ٹائم سے پہلے برابری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں بیلجیم نے اسپین کے مسلسل حملوں کا مضبوطی سے سامنا کیا، لیکن آخر میں میرینو نے جیت دلا دی۔

اب اسپین کا سامنا سیمی فائنل میں فرانس سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے پچھلے دو بڑے مقابلوں میں اسپین نے جیت درج کی تھی۔ اس مقابلے پر کوچ ڈی لا فوئنٹے نے کہا، ’’دو شاندار ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ایک دوسرے سے ہوشیار رہیں گی۔ ہم نے انہیں لگاتار دو بار ہرایا ہے اور اس بار بھی انہیں باہر کرنے کے لیے پوری طاقت لگائیں گے۔‘‘

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande