
اے ایم یو کی وائس چانسلر نے شعبہ کمپیوٹر سائنس کی نئی دفتری عمارت کا افتتاح کیا
علی گڑھ، 11 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے نو تعمیر شدہ دفتر کا افتتاح کیا، جو یونیورسٹی کے تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ افتتاحی تقریب میں رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر سرتاج تبسم، شعبہ کے چیئرپرسن پروفیسر ارمان رسول فریدی، اساتذہ اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداران بشمول پراکٹر پروفیسر محمد نوید خان اور دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما موجود تھے۔
اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم و تحقیق کے میدان میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کی نمایاں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ممتاز تحقیقی جرائد میں شعبہ کی مسلسل معیاری تحقیقی اشاعتوں کی تعریف کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ نئی دفتری سہولت، تعلیمی و انتظامی امور میں کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے شعبہ کے شاندار پلیسمنٹ ریکارڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے فارغین ہندوستان اور بیرونِ ملک کی ممتاز انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں، یونیورسٹیز اور تحقیقی اداروں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ نے تعلیمی امتیاز اور پیشہ ورانہ کامیابی کے ذریعے ہمیشہ اے ایم یو کی نیک نامی کو برقرار رکھا ہے۔
ڈین، فیکلٹی آف سائنس، پروفیسر سرتاج تبسم نے شعبہ کے فعال تحقیقی ماحول کو سراہتے ہوئے سائنس کی ترقی کے تئیں اساتذہ اور طلبہ کی لگن و محنت کی تعریف کی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شعبہ کے چیئرپرسن پروفیسر ارمان رسول فریدی نے کہا کہ 1988 میں ایک آزاد شعبہ کے طور پر قیام کے بعد سے شعبہ مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور آج جدید بنیادی ڈھانچے اور اعلیٰ سہولیات سے آراستہ ہے، جو تدریس و تحقیق اور اختراعی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کی بنیاد 1971 میں آئی بی ایم -1130 کمپیوٹنگ نظام کی تنصیب سے پڑی اور اب یہ شعبہ ملک میں کمپیوٹر سائنس کی تعلیم کے اولین مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران شعبہ نے جدید ترین تجربہ گاہیں اور تحقیقی سہولیات قائم کی ہیں اور ایسے ممتاز ماہرین تیار کیے ہیں جو ملک و بیرون ملک کے معروف اداروں، تحقیقی اداروں اور عالمی ٹکنالوجی کمپنیوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ