
چھترپور، 11 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے ضلع چھترپور کے نوگاوں تھانہ علاقے میں جمعہ کی دیررات ایک دردناک سڑک حادثے میں باراتیوں سے بھری پک اپ پلٹ گئی۔ اس حادثے میں 2 لوگوں کی موقع پرہی موت ہوگئی، جبکہ 14 باراتی زخمی ہو گئے۔ ان میں دولہے کے والد سمیت 4 لوگوں کی حالت نازک ہونے پر انہیں ضلع میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، بارات ٹیگم گڑھ ضلع کے گاوں بیداری سے اترپردیش کے اترا جارہی تھی۔ پک اپ گاڑی یو پی 94 اے ٹی 3394 میں تقریباً 20 باراتی سوار تھے۔ جیسے ہی گاڑی نوگاوں میں واقع پی ایم شری کالج کے پاس پہنچی، ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور پک اپ سڑک پر پلٹ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق، پک اپ تیز رفتار سے دوڑ رہی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈرائیور نے اچانک بریک لگایا، جس سے گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کی دوسری طرف پلٹ گئی۔ ڈرائیور کے نشے میں ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس اس پہلو کی جانچ کر رہی ہے۔
حادثے میں کشوری اہیروار (48) اور نتن اہیروار (17) کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں دولہے کے والد نند لال اہیروار، سنتوش، چیچے اور بھجن لال شدید زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو پہلے نوگاوں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد چار زخمیوں کو ضلع میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نوگاوں تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکال کر اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی جانچ میں تیز رفتاری اور ڈرائیور کے نشے میں ہونے کے خدشے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن