
پولیس نے بانہال میں یاتریوں کے گمشدہ سامان کو برآمد کرکے اُن کے حوالے کیا
جموں، 11 جولائی (ہ س)۔
ضلع رامبن کے بانہال میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شری امرناتھ جی یاترا پرآئے ہوئے مہاراشٹر کے تین یاتریوں کا ایک لاکھ بتیس ہزار روپیہ نقد اوراہم دستاویزات پر مشتمل ہینڈ بیگ برآمد کرکے ان کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 8 جولائی کو پیش آیا جب جلگاؤں، مہاراشٹر کے رہائشی چبل داس، سدانند وسپوتے اورسہاس دتاتریہ سوریہ ونشی ایک کرایہ کی ہونڈا امیز کار میں سفر کے دوران غلطی سے اپنا چھوٹا ہینڈ بیگ گاڑی کی نشست کے نیچے چھوڑکرچلے گئے۔ بیگ میں ایک لاکھ بتیس ہزار روپیہ نقد کے علاوہ اہم دستاویزات بھی موجود تھیں۔ یاتری اس وقت گاڑی کے ڈرائیورکی شناخت نہیں کرسکے اور انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔
شکایت موصول ہوتے ہی تھانہ بانہال کے ایس ایچ او عاشق حسین لون نے ضلع پولیس ہیڈکوارٹر رام بن کی معاونت سے تحقیقات شروع کیں۔ پولیس نے تکنیکی تجزیے، ٹول پلازہ کی جانچ، گاڑی کی ملکیت سے متعلق معلومات اورسوپور پولیس کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے متعلقہ ٹیکسی کا سراغ لگا لیا اور اس کے ڈرائیور کی شناخت کر کے اسے بانہال طلب کیا گیا۔ پولیس نے 9 جولائی کو برآمد شدہ ہینڈ بیگ، جس میں پوری نقد رقم اور دیگر دستاویزات موجود تھیں، تھانہ بانہال میں پیش کیا۔ ضروری تصدیق اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نقد رقم اوردستاویزات ان کے اصل مالک کے حوالے کردی گئیں۔ یاتریوں نے اپنی گم شدہ رقم اور دستاویزات کی بازیابی پر رام بن پولیس، خصوصاً ایس ایچ او عاشق حسین لون کی قیادت میں بانہال پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی فوری، پیشہ ورانہ اور مربوط کارروائی کی ستائش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی جموں و کشمیر پولیس کے اس عزم کی عکاس ہے کہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران یاتریوں کو تحفظ، سلامتی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور بروقت کارروائی کے ذریعے ان کے مسائل حل کیے جائیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر