
علی گڑھ, 11 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مرکز برائے مسلسل و بالغاں تعلیم اور توسیعی خدمات نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر آبادی سے متعلق چیلنجوں اور پائیدار ترقی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک خطبے کا اہتمام کیا۔
شعبہ معاشیات کے پروفیسر محمد طارق نے یہ خطبہ دیتے ہوئے کہاکہ ہر سال 11 جولائی کو عالمی یومِ آبادی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور معاشرے، معیشت اور ماحولیات پر مرتب ہونے والے اس کے اثرات کی جانب توجہ مبذول کرانے کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی آبادی اب 8 ارب سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے نتیجے میں صحت، تعلیم، رہائش، روزگار اور قدرتی وسائل کے انتظام جیسے شعبوں میں بڑھتے ہوئے چیلنج سامنے آرہے ہیں۔
اس سال کے موضوع ‘‘نوجوانوں کو اس قابل بنانا کہ وہ ایک منصفانہ اور امید افزا دنیا میں اپنی پسند کے کنبے تشکیل دے سکیں’’کا حوالہ دیتے ہوئے پروفیسر محمد طارق نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو تولیدی صحت سے متعلق باخبر فیصلے کرنے کے لیے ضروری معلومات، حقوق اور مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے متوازن سماجی و معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پائیدار آبادیاتی پالیسیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ مرکز کی جانب سے عالمی یومِ آبادی کی تقریبات کے تحت 14 جولائی کو ایک پوسٹر سازی مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔
پروگرام کا اختتام مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر کے کلمات تشکر پر ہوا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ