
پربھنی، 11 جولائی (ہ س)۔ گنگاکھیڑ سے پربھنی جانے والی سڑک پر موجود گہری دراڑ میں موٹر سائیکل کا پہیہ پھنس جانے کے باعث گاڑی بے قابوہوکرڈیوائیڈرسے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 28 سالہ ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ گنگاکھیڑ پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔اطلاعات کے مطابق گنگاکھیڑ۔پربھنی سڑک پر متعدد مقامات پر بڑی بڑی دراڑیں پڑ چکی ہیں، جو اب راہگیروں اور گاڑی چلانے والوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہیں۔ مہات پوری کے رہنے والے 28 سالہ شیخ انیس شیخ کالو اپنے ایک دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر مہات پوری جا رہے تھے۔ پرلی ناکہ سے آگے ایک پٹرول پمپ کے سامنے اچانک موٹر سائیکل کا پہیہ سڑک کی دراڑ میں پھنس گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔حادثے میں شیخ انیس شیخ کالو شدید زخمی ہوگئے۔ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر انہیں پربھنی کے اسپتال منتقل کیا، تاہم علاج کے دوران وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے